counter easy hit

کوریا میں میزائل کی تنصیب ، اسلحہ کی دوڑ شروع ہوسکتی ہے،روس

Korea missile installation

Korea missile installation

ماسکو……… روس نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں امریکی میزائل ڈیفنس سسٹم کی تنصیب سے خطے میں اسلحہ کی نئی دوڑ شروع ہوسکتی ہے۔امریکا اورجنوبی کوریا کے دفاعی حکام نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ وہ شمالی کوریا کی طرف سے حالیہ جوہری اور میزائل تجربات سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پس منظر میں جنوبی کوریا کے ٹرمینل ہائی آلٹی چیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم (ٹی ایچ اے اے ڈی) نصب کرنے پرمذاکرات جلد شروع کریں گے۔روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے کی پیچیدہ سیکیورٹی صورتحال میں مذکورہ امریکی اقدام شمال مشرقی ایشیاء میں اسلحہ کی نئی دوڑ شروع کرنے کے ساتھ ساتھ جزیرہ نما کوریا کے جوہری مسئلہ کے حل کو بھی مشکل بنا سکتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مجوزہ امریکی اقدام بین الاقوامی سلامتی و استحکام پر تباہ کن اثرات میں اضافہ کرسکتا ہے۔ شمالی کوریا کی طرف سے جوہری و میزائل تجربات کی ایک بارپھرمذمت کی گئی ہے تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا شمالی کوریا کے ان اقدامات کو اپنے میزائل دفاعی نظام کے دائرہ کار کو وسعت دینے کیلئے بہانے کے طور پر استعمال کررہا ہے۔واضح رہے کہ امریکی حکام کا موقف ہے کہ جنوبی کوریا میں میزائل دفاعی نظام کی تنصیب شمالی کوریا کی طر ف سے لاحق ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے تاہم چین کی طرف سے بھی اس مجوزہ امریکی اقدام کی مخالفت کرتے ہوئے خطہ کی سلامتی کیلئے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔