counter easy hit

’’سیاسی مداخلت کی شکایات سے باز رہیں اور ۔۔۔‘‘ تحریک انصاف کے رہنماؤں کی مداخلت اور دباؤ کی شکایات کرنے والے بیوروکریٹس کو کس نے خبردار کیا اور کیا ہدایات جاری کیں؟ تہلکہ خیز انکشاف منظرعام پر

لاہور؛ تحریک انصاف جن وعدوں کے ساتھ حکومت میں آئی ہے ان میں سے ایک بڑا وعدہ اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنا بھی ہے، لیکن پنجاب میں حکومتی شخصیات کی طرف سے سول سروس میں بے جا مداخلت کی آئے روز شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اب اس معاملے پر چیف سیکرٹری پنجاب نے ایسا کام کر ڈالا ہے کہ سن کر پاکستانی دنگ رہ جائیں گے۔ دی نیوز کے مطابق وعدہ تو اداروں سے سیاسی مداخلت ختم کرنے کا تھا لیکن چیف سیکرٹری پنجاب نے الٹا سیاسی مداخلت کی شکایت کرنے والے بیوروکریٹس کو ہی جھاڑ پلا دی ہے۔ گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی نے ویڈیولنک اور سکائپ کے ذریعے پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز سے میٹنگ کی اور سیاسی مداخلت کی شکایت کرنے والے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں حکم دیا کہ وہ سیاسی مداخلت کی شکایت کرنے سے باز رہیں۔

رپورٹ کے مطابق اکبر درانی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے سیاسی لیڈروں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر چکوال غلام صغیر شاہد نے دی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’’چیف سیکرٹری نے کسی کو بھی میڈیا سے بات کرنے سے نہیں روکا تاہم انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی دخل اندازی کی شکایت کرتے ہوئے سب افسران ’چین آف کمانڈ‘ (Chain of command)کا احترام کریں۔‘‘ واضح رہے کہ چکوال اور راجن پور کے ڈپٹی کمشنرز سمیت 4انتظامی افسران نے تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد سیاسی مداخلت کی شکایات رجسٹرڈ کروائی تھیں۔ ان افسران نے شکایات میں لکھا تھا کہ ’’سیاسی شخصیات جونیئر افسروں کے تقرروتبادلوں میں ان پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔‘‘