counter easy hit

کراچی آپریشن کو انجام تک پہنچائیں گے، توانائی بحران 2017 ء میں حل کر لیں گے، وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

سیالکوٹ (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ توانائی بحران کو دسمبر 2017 ء تک حل کر لیں گے۔ ملکی ترقی صرف جمہوری دور میں ہی ہوئی، لاہور سے سیالکوٹ ایکسپریس وے بنانے کا بھی اعلان

ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان جمہوری دور میں ایٹمی طاقت بنا، ملک نے ہمیشہ جمہوری دور میں ترقی کی، توانائی بحران سب سے بڑا چیلنج ہے حل کرنے میں وقت لے گا۔۔

ایل این جی سے 3600 میگاواٹ بجلی بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے، چین سے چار ہزار میگاواٹ خرید رہے ہیں جس کے لیے ٹرانسمیشن لائن خنجراب سے گلگت بلتستان اور پھر اسلام آباد میں داخل ہوگی۔

اس طرح سولر اور دیگر منصوبوں سے بھی ہزاروں میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، دسمبر 2017 ء تک توانائی بحران پر قابو پا لیں گے۔ انتخابی نعروں نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں۔ انھوں نے لاہور سے سیالکوٹ کے درمیان ایکسپریس وے بنانے کا بھی اعلان کیا۔

میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ دیہی علاقے میں میڈیکل کالج کا قیام پر سیالکوٹ کو مبارک ہو ، سیالکوٹ ہمیشہ سے ن لیگ کا گڑھ رہا ہے۔ سیالکوٹ میں مزید سرمایہ کاری ہونی چاہئے۔ سیالکوٹ کا معیشت میں اہم کردار ہے۔انھوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے ، پاکستان کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔

پونے دو سال میں حکومت کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ پاک فوج نے ضرب عضب سے دہشتگردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پاک جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اسی طرح کراچی آپریشن بہت موثر ثابت ہو رہا ہے، کراچی آپریشن کسی پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے۔

کراچی کو پرامن بنانا پاکستان کو پرامن بنانے کے مترادف ہے۔ اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔ کراچی کے امن سے ملک میں سرمایہ کاری مزید بڑھے گی۔ کراچی آپریشن سے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں کئی فیصد کمی آئی۔ کراچی آپریشن کو انجام تک پہنچائیں گے۔