counter easy hit

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ پریس کانفرنس

JKNAP UK press conference

JKNAP UK press conference

برطانیہ : محترم میڈیا ممبران اور عزیز تنظیمی ساتھیو – آج آپ کو ھم نے اس لئیے زحمت دی ھے کہ آپ کو بتایا جا سکے کہ برطانیہ میں باضابطہ طور پر ھم نے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی کو الیکٹرورل کمیشن میں رجسٹر کروا دیا ھے – پارٹی کا نام ھو گا “جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ۔

۔۳۰ مارچ 2016 کو جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کو الیکٹرورل کمیشن نے باقاعدہ طور پر مطلع کیا ھے کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ باضابطہ طور پر تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد رجسٹر کر لی گئی ھے – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کی تمام انتظامی تفصیلات الیکٹرورل کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ھیں۔

آپ سب کو یہ جان کر خوشی ھو گی کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کو انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور یورپی یونین کے تمام انتخابات میں ھر سطح پر اپنے نمائندے نامزد کرنے کا اختیار دیا گیا ھے – یوں جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کو برصغیر کی پہلی پارٹی ھونے کا اعزاز حاصل ھوا ھے جو یورپ اور برطانوی پارلیمنٹ کے علاوہ تمام لوکل کونسلوں، پولیس و کرائم کمشنر اور مئیر لنڈن کے انتخابات میں اپنے نمائندے انتخابات کے لئیے کھڑے کر سکے گی۔

JKNAP-UK-Press-Conference-1-655x293

ھم انتہائی مسرت اور فخر کے ساتھ اعلان کرتے ھیں کہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ اب برطانیہ اور یورپ کے تمام انتخابات میں حصہ لے گی – محترم حاضرین کرام – جموں کشمیر نیپ کا قیام 1995 میں پاکستانی مقبوضہ جموں کشمیر میں عمل میں لایا گیا تھا اور یە پارٹی جموں کشمیر این ایس ایف کے ان طلباء رھنماؤں نے قائم کی تھی جو اپنا دور طالبعلمی مکمل کر کے عملی زندگی میں ان نظریات اور افکار پر عمل پیرا رھنا چاھتے تھے جو این ایس ایف کے پلیٹ فارم سے انہوں نے سیکھے تھے – دسمبر 2014 میں جموں کشمیر نیپ اور ریاست جموں کشمیر کے بابائے قوم شہید اعظم مقبول بٹ شہید کی پارٹی نیشنل لبریشن فرنٹ جو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ادغام کے بعد نیشنل لبریشن کانفرنس کے طور پر کام کر رھی تھی کے درمیان ادغام عمل میں لایا گیا اور نئی پارٹی کا نام جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی ھی برقرار رکھا گیا – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ اسی پارٹی کی برطانوی شاخ کا نام ھے۔

جموں کشمیر نیپ کا مشن اتحاد، آزادی اور مساوات ھے – نیپ منقسم ریاست جموں کشمیر کے اندر بسنے والے تمام مذاھب، ثقافتوں اور تاریخی و معاشرتی ورثے کے حامل عوام اور 14 گست ۱۹۴۷ کی ریاست جموں کشمیر کے تمام جغرافیائی خطوں کے مابین اتحاد پیدا کرنے کے لئیے کوشاں ھے، ھم سمجھتے ھیں کہ صرف ایسا اتحاد ھی ریاست جموں کشمیر کے دو کروڑ عوام کو بیرونی قابض ممالک کے قبضے سے آزادی دلا سکتا ھے – جموں کشمیر نیپ ریاست جموں کشمیر کی مکمل آزادی اور خودمختاری کے حصول کے بعد سماج کے اندر قائد کشمیر جناب مقبول بٹ شہید کے افکار کے مطابق ھر طرح کے ظلم، جبر ، استحصال اور معاشی عدم مساوات سے پاک معاشرے کے قیام کی علمبردار ھے – ھم ایک ایسا معاشرہ تشکیل کرنا چاھتے ھیں جہاں عوام کو بلا لحاظ مذھب، نسل، زبان، تہذیب، ذات پات اور جغرافیائی تشخص کے مکمل مساوات میسر ھو – ایک ایسا معاشرہ جو امن، باھمی محبت، اخوت، یکجہتی اور جمہوریت کی عظیم آدرشوں کا امین ھو – جہاں حکومت پر صرف عوام کا اختیار ھو اور حکومت اپنے آپ کو عوام کا حاکم نہیں بلکہ عوام کا نوکر تصور کرے۔

احباب گرامی – ستر سال سے ھمارے ملک جموں کشمیر کو تقسیم کیا گیا ھے اور قابض ممالک ھمارے قومی وسائل کو لوٹ رھے ھیں، عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں اور غربت اور بیروزگاری کا یہ عالم ھے کہ ھر نوجوان اپنا وطن چھوڑ کر بیرونی دنیا میں تلاش معاش پر مجبور ھے – ان حالات میں منقسم ریاست جموں کشمیر کے تمام حصوں کے اندر قابض ممالک نے اپنے زرخرید ایجنٹ پال رکھے ھیں جو قابض ممالک کی پالیسیوں کے مطابق ریاست کی تقسیم اور اس پر موجود بیرونی ممالک کے قبضے کو دوام دینے کے لئیے کام کرتے ھیں – عوام کی جان ، مال اور عزت و آبرو محفوظ نہیں ھے – اور وطن کے جو بیٹے اپنے ملک کی آزادی اور خودمختاری کی بات کرتے ھیں انہیں اور انکے خاندانوں کو طرح طرح کے مظالم اور جبر کا نشانہ بنایا جاتا ھے – وطن کی آزادی، خودمختاری اور خوشحالی کی بات کرنے والے غیور سیاسی کارکنوں کو نہ صرف بابا جان اور کامریڈ افتخار کی طرح قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی ھیں بلکہ مقبول بٹ، لیاقت اعواں، سجاد انجم، فرخ قریشی، فہیم اکرم اور عارف شاھد کی طرح اپنی جان کو وطن پر قربان بھی کرنا پڑتا ھے۔

ان حالات میں عالمی دنیا اور بین الاقوامی اداروں میں آج تک ھمارے محکوم وطن اور مظلوم عوام کا کیس اصل شکل میں اور درست طور پر پیش نہیں کیا جا سکا – یہی وجە ھے کہ ستر سال کی جدوجہد اور عوام اور سیاسی قائدین کی لاتعداد قربانیوں کے باوجود دنیا آج بھی ریاست جموں کشمیر کو دو کروڑ انسانوں کی قومی آزادی کے برعکس پاکستان اور بھارت کا باھمی جغرافیائی تنازعہ تصور کرتی ھے۔

ریاست جموں کشمیر سے باھر برطانیہ وہ واحد ملک ھے جہاں دس لاکھ سے زیادہ ریاستی باشندے رھائیش پذیر ھیں – برطانیہ دنیا کی بہت بڑی طاقت اور عالمی سیاست کا ایک اھم مرکز ھے، یہاں آئے روز ریاست کے مختلف حصوں سے سیاسی مداری چکر لگاتے رھتے ھیں اور کشمیر کی آزادی کے نام پر برطانیہ کے کشمیری نژاد عوام کو استعمال کر کے قابض ممالک کی خدمت کرتے ھوئے اپنی جیبیں گرم کرتے رھتے ھیں – ایسے لوگ برطانوی کشمیریوں کو جذباتی طور پر بلیک میل کرتے ھیں اور ھمارے وطن کی آزادی کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ھیں – جب تک برطانیہ میں ایسے لوگوں کا راستہ نہیں روکا جاتا ھمارے وطن کی آزادی کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ھو سکتا۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ دنیا بھر میں عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کے تمام حقیقی پہلوؤں سے روشناس کرانے کا اپنا تاریخی فریضہ سرانجام دے گی – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برطانوی عوام سے بالعموم اور بالخصوص برطانوی کشمیریوں سے فلسطین کی تحریک کی طرز پر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی اور برطانوی حکومت، برطانوی پارلیمان اور یورپی یونین کے اندر ریاست جموں کشمیر کی کامل آزادی اور خودمختاری کے لئیے ھم نوا گروپ قائم کرے گی تا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام کی آزادی کے لئیے بھارت اور پاکستان پر دباؤ ڈالا جا سکے۔

JKNAP UK press conference

JKNAP UK press conference

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کو رجسٹر کرانے کا ایک مقصد یہ بھی ھے کہ عوام برطانیہ کی مروجہ سیاسی پارٹیوں کی روائیتی قیادت اور ان پارٹیوں کی منافقانہ پالیسیوں کے ھاتھوں یرغمال بنے ھوئے ھیں – یە پارٹیاں عوام اور خصوصاً برطانوی کشمیریوں سے ووٹ لینے کے لئیے بلند بانگ دعوے تو کرتی ھیں مگر عملی طور پر پارٹیوں پر وار انڈسٹری اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے قبضے کی وجە سے یہ پارٹیاں عوام اور برطانوی کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کرنے کے قابل نہیں – برطانیہ میں عوام خصوصاً برطانوی کشمیریوں کی آواز دفن ھو کر رہ گئی ھے – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ خاص طور برطانوی حکومت اور برطانوی کشمیریوں کے درمیان حائل خلیج کو پاٹ کر باھمی دوریوں اور غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ برطانوی کشمیریوں کو درپیش مسائل کو بطریق احسن حل کیا جا سکے – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ خاص طور پر نوجون برطانوی کشمیریوں کی بھرپور نمائندگی کرے گی اور برطانوی نوجوانوں خصوصاً کشمیری نژاد نوجوانوں کو معاشرتی عدم دلچسپی کی موجودہ کیفیت سے نکال کر انھیں اپنے مستقبل کی تعمیر کرنے کی راہ پر ڈالے گی۔

میڈیا کے دوستو – آپ معاشرے کا چوتھا ستون ھیں – آپ کو معاشرے کی تعمیر اور مسائل کے حل کے لئیے اپنا قومی کردار ادا کرنا چاھئیے – آپ کے توسط سے ھم برطانوی عوام اور بالخصوص برطانوی کشمیریوں سے اپیل کرتے ھیں کہ وہ اپنے مقامی اور قومی مسائل پر بھرپور آواز اٹھانے کے لئیے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کا ساتھ دیں – ھماری پارٹی گراس روٹ لیول کی پارٹی ھے، اس پارٹی کی قیادت غریب عوام کے اندر سے ابھرنے والے عام برطانوی کشمیریوں کے ھاتھ میں ھے – ھماری پارٹی کسی ملٹی نیشنل کمپنی، کسی عالمی لابی یا کسی ایجنسی کی پروردہ پارٹی نہیں ھے اس لئیے ھماری پارٹی کی پالیسی گراس روٹ لیول پر پارٹی کے ممبران بنائیں گے اور ھماری پالیسی انہی ممبران کی خواھشات اور ترجیحات کی عکاس ھو گی – اس لئیے ھم غریب عوام اور خصوصاً برطانوی کشمیریوں سے اپیل کرتے ھیں کہ وہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ میں شامل ھو کر اپنی ترجیحات کے مطابق اپنا مستقبل تشکیل دینے کے لئیے عملی کردار ادا کریں۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کوشش کرے گی کہ برطانیہ کے جو وسائل دنیا بھر میں جنگوں کی تشکیل اور دنیا کی تباہ کاریوں پر خرچ ھوتے ھیں انہیں عملی اقتصادی ترقی کے منصوبے کے مطابق تیسری دنیا کی محکوم اقوام کی آزادی خصوصاً ریاست جموں کشمیر کے عوام کی آزادی اور خوشحالی پر صرف کیا جائے۔

برطانوی کشمیری نمائیندوں کی ایک کثیر تعداد مختلف سطحوں پر برطانیہ کے اندر حکومتوں میں شریک اور شامل ھے، مگر اپنی پارٹی کی پالیسیوں کی وجہ سے یہ نمائندے اپنے ووٹروں کی حقیقی ترجمانی کرنے سے قاصر ھیں – جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برطانوی کشمیریوں کے اس حق حکمرانی کو اصل اور حقیقی شکل میں قائم کرے گی جس کا خواب ووٹر ووٹ دیتے وقت دیکھتے ھیں۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برطانوی حکومت پر زور دے گی کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی خواھشات کے مطابق حل کرانے کے لئیے اپنا کردار ادا کرے تا کہ ساوتھ ایشیا کو ایٹمی جنگ کے ممکنہ خطرے سے نجات دلائی جا سکے۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ مسئلہ کشمیر کو حل کرا کر پاکستان اور بھارت کے عوام میں قائم ستر سالہ دشمنی اور مسابقت کو باھمی محبت،اخوت اور یکجہتی میں تبدیل کرے گی تا کہ وسائل کو جنگی اسلحہ بنانے کے عمل سے نکال کر عوام کی خوشحالی اور ترقی کے منصوبوں پر صرف کیا جا سکے۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برطانوی کشمیریوں کو مذھب اور رنگ و نسل کی بنیاد پر درپیش مسائل اور مشکلات سے نکال کر انہیں قومی دھارے میں شامل کرے گی تاکہ برطانوی کشمیری دیگر کمیونیٹیز کی طرح برطانوی حکومت کی پالیسی سازی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ ریاست جموں کشمیر کے اندر قائم سیز فائر لائن کو ختم کر کے اس لائن پر آئے روز قتل ھونے والے سینکڑوں لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ وسائل کو تعلیم، صحت اور اقتصادی و سماجی انفراسٹرکچر پر صرف کرنے کی پالیسی بنائے گی۔

کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کا پیغام ھے۔ محبت سب کے لئیے نفرت کسی سے نہیں۔ جنگوں اور تشدد کے بجائے ھر سطح پر امن، محبت اور جمہوریت جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ عوام کی خواھشات کی ترجمان ھے اور انکے لئیے امید کی ایک کرن ہے۔ اس لئیے ھم عوام سے اپیل کرتے ھیں کہ وہ جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ میں شامل ھو کر اپنے مستقبل کا آپ فیصلہ کرنے کے لئیے پارٹی پالیسی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

کانفرنس کے اختتام پر آصف مسعود جنرل سیکرٹری جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ نے کہا کہ میں لیبر پارٹی برطانیہ سے استعفی دینے کا اعلان کرتا ہوں کیوں کہ برطانوی نظام کے تحت میں اب برطانیہ میں رجسٹرڈ دو پارٹیز کا ممبر نہیں ہو سکتا اس لئے میں اپنی ریاستی سیاسی جماعت کے لئے ہی کام کروں گا جس سے وہ زمانہ طالب عملی سے منسلک ہیں۔

محمود کشمیری صدر جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ آصف مسعود جنرل سیکرٹری جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ اس کے بعد میڈیا کی جانب سے سوالات کا سلسلہ ہوا جس پر پارٹی صدر اور جنرل سیکرٹری نے جوابات دئے۔ پریس کانفرنس کے بعد جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کی دوسری کیبنٹ کا اجلاس بھی ہوا جس میں محمود کشمیری ، آصف مسعود چوہدری سردار الطاف ، مشتاق خان ،ساجد شاہین ، تیمور لون ، ماجد میر نے حصہ لیا اور اگلے لائحہ عمل کے لئے کچھ اہم فیصلے کئے گئے کیبنٹ اراکین کے علاوہ سجاد راجا ، فیاض رشید ، خواجہ زاہد لون ، امجد لون ، رضوان صدیق، عاطف چوہدری ، قمر ملک ، فیاض ملک ، غلام عباس و دیگرشامل تھے۔