ممبئی: گزشتہ رات نامور بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی کار نے رکشے کو ٹکر ماردی۔

حادثے کے وقت جیکولین فرنینڈس کار کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھیں۔ خوش قسمتی سے انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں تاہم ٹکر کے باعث ان کی کار کی ہیڈ لائٹ ٹوٹ گئی جب کہ رکشےوالے کو بھی زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔ حادثے کے بعد جیکولین اور ان کے ڈرائیور جائے حادثہ سے فوراً روانہ ہوگئے۔ یاد رہے کہ جیکولین فرنینڈس اس سے قبل بھی فلم’ریس3‘کی شوٹنگ کے دوران سیٹ پر حادثے کا شکار ہوگئی تھیں۔
ہدایت کار و کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کی فلم ’ریس 3‘ میں بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور جیکولین فرنینڈس مرکزی کرادر ادا کر رہے ہیں، جب کہ دیگر کاسٹ میں اداکار انیل کپور، بوبی دیول، ڈیزی شاہ اور ثاقب سلیم شامل ہیں۔ فلم اگلے ماہ 15 جون کو ریلیز کی جائے گی۔








