counter easy hit

اسلامک سنٹر اتھلون ATHLONEمیں عظیم الشان محفل میلاد النبی کا انعقاد

Athlone Milad un Nabi Mehfil

Athlone Milad un Nabi Mehfil

آئرلینڈ (فرخ وسیم بٹ) ربیع الاول کی آمد ہوتے ہی مسرتوں اور خوشیوں کا ایک سیل رواں شہر شہر گاؤں گاؤں بستی بستی امڈ آتا ہے اور اہل ایمان قریہ قریہ بے ساختگی اور وارفتگی کے عالم میں محافل میلاد اور جلسے جلوس کی صورت میں اپنے محبوب نبی سے اپنی قلبی محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں اسی قلبی محبت و عقیدت کا اظہار کرنے لیلئے آئرلینڈ کے شہر اتھلون کے اسلامک سنٹر میں عشاقان مصطفیٰ نے ایک عظیم و الشان محفل میلاد کا انعقاد کیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکیٹو عہدیداران اور کارکنان کے علاوہ آئرلینڈ کے دور دراز شہروں سے عشاقان مصطفیٰ اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز قاری آصف نواز نے تلاوت قرآن پاک سے کیا نعت خواں حضرات میں فرقان اسلم، محمد شہزاد، محمد ّآصف اور ندیم صدیقی نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ نقابت کے فرائض اسلامک سنٹر اتھلون کے روح رواں جناب محمد طارق سلیم اور محمود راجہ نے ادا کئے مقررین میں مہمان خصوصی یو کے سے تشریف لائے ہوئے نور ٹی وی کے مشہور پروگرام ازالہ شجاعت کے میزبان حضرت علامہ قاری عبدالمجید صاحب کے علاوہ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر حضرت علامہ محمد عدیل صاحب اور لانگ فورڈ اسلامک سنٹر کے امام و خطیب صاحب نے میلا پاک کے حوالے سے خطابات کیے۔

قاری عبدالمجید صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم کے میلاد پاک کی محافل کا انعقاد کرنا اور اس پر خوشی منانا قرآن و سنت کے حوالہ سے بالکل جائز عمل ہے اور یہ انبیاء کرام کے علاوہ اللہ پاک کی بھی سنت ہے حضرت آدم سے لے کر حضرت عیسیٰ تک جتنے بھی نبی مبعوث ہوئے وہ سب آقا کی آمد کی خوشخبری سناتے رہے قرآن پاک کی بے شمار آیات اس بات کی شاہد ہیں اور پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں ضیافت کرنا لوگوں کو کھانا کھلانا، صدقہ و خیرات کرنا روشنیوں کا اہتمام کرنا اور دل کھول کر خرچ کرنا بارگاہ الہیٰ میں مقبول اور اس کی رضا کا باعث ہے۔

تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ بندگی کا اعلیٰ ترین معیار یہ ہے کہ بندہ ہر چیز سے کٹ کر اللہ اور اس کے رسول سے ٹوٹ کر محبت کرے آپ نے یہ بھی فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت ہی اللہ کی اطاعت ہو گی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ہی اللہ سے محبت کی کسوٹی ہو گی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رضا ہی رضائے الہیٰ کا مظہر ہو گی لانگ فورڈ اسلامک سنٹر کے امام و خطیب قاری آصف نواز نے فرمایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ظاہری حیات طیبہ میں جمادات و نبادات نے دیکھتے ہی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہونے گواہی دی اس کے علاوہ اپنے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بے شمار معجزات کا بھی ذکر کیا۔

اس محفل کے روح رواں محمد طارق سلیم نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ مقررین نے اپنے روحانی اور علمی پیغام سے آئرلینڈ کے مسلمانوں کے ایمان کی تازگی کا سامان کیا جس ہر ہم ان کے بے حد مشکور ہیں اور تمام حاضرین کا بھی شکریہ ادا کیا اس پروگرام میں تحریک منہاج القرآن کی لائف ممبر شپ لینے والے جن میں زاہد، محمد شاہد اور ہارون علی کو علامہ محمد عدیل اور پیر غلام دستگیر نے اسناد بھی تقسیم کیں اس پروگرام کے انتظامات پر جن احباب نے تعاون کیا۔

ان میں محسن رضا، فیص عباس، راجہ گرل، محمد لطیف، ذکی، عبدالباسط، محمد عثمان، محمد طلحہ، شاہد خان، محمد عاطف اور رام مورثی عرف بگا شامل ہیں اختتامی دعا تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے حضرت پیر غلام دستگیر نے فرمائی۔