counter easy hit

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد روک دیا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) ہائی کورٹ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد روکنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے خلاف پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر سابق صدر کے وکیل نے عدالت عالیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے موکل 27 اپریل کو متعلقہ عدالت میں میں پیش ہوجائیں گے۔

دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پرعمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ اگر وہ 27 اپریل کو پیش نہ ہوئے تو وارنٹ بحال ہو جائیں گے۔

دوسری جانب کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کے دوران ڈی جی صحت بلوچستان نے سابق صدر کے طبی معائنے سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ میڈیکل رپورٹ سے متعلق ہمیں میڈیا کے ذریعے پہلے ہی معلوم ہوگیا تھا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق مرکزی ملزم سفرنہیں کر سکتے۔

وکیل استغاثہ سہیل راجپوت نے پرویزمشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے استدعا کی کہ انہیں اس کی کاپی فراہم کی جائے تاکہ وہ اس پر بحث کرسکیں، عدالت نے میڈیکل رپورٹ کی نقل فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔