counter easy hit

 فرانسی اور یورپی سیاحوں کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کو دریافت کرنے کی دعوت

Inviting France and European tourists to explore tourist places in Pakistan

Inviting France and European tourists to explore tourist places in Pakistan

پیرس:  14 مارچ 2019ء   دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے ’سیلون موندیال دو ٹوریزم‘ میں پاکستان فخریہ طور پر پاکستان کے خوبصوررت مناظر، اس کی مقبول تاریخی حیثیت اور ثقافتی ورثہ کی نمائش کر رہا ہے۔ یہ سیاحتی میلہ پوخت دو ورسائیلز پیرس میں 14 مارچ سے 17 مارچ تک جاری رہے گا۔ 

سفارت خانہ پاکستان نے اس سیاحتی میلے میں پہلی مرتبہ محکمہ سیاحت خیبر پختون خواہ اور گلگت بلتستان کے ساتھ مل کر شمولیت کی ہے اور پاکستانی سیاحتی سٹالز لگائے ہیں۔ پاکستانی سٹال پر آنے والے تمام مہمانوں کو پاکستان میں سیاحتی مقامات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا اور فرانسیسی و پاکستانی ٹور آپریٹر کی جانب سے دیئے جانے والے ٹور پیکجز سے بھی آگاہ کرے گا۔ 

جناب معین الحق سفیر پاکستان نے پیرس میں اس سیاحتی میلے میں پاکستانی سٹال کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان فرانس نے فرانسیسی اور یورپین سیاحوں کیلئے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں جن میں فرانسیسی زبان میں ویب سائٹ کا آغاز، گذشتہ سال کے آخر میں فرنسیسی ٹور آپریٹرز کو پاکستان بھیجنا، پاکستانی پہاڑوں کی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد، ٹورزم بوتھ کا قیام اور سفارت خانہ میں ٹورزم آفس کا قیام شامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہر عمر اورہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کیلئے مختلف سیاحتی مواقعے فراہم کرتا ہے۔ پاکستان کے شمال میں قراقرم کے شاندار پہاڑی سلسلے، ہمالیہ اور ہندوکش، کاغان اور سوات کی پرفضا وادیوں، پنجاب کے خوب صورت میدانوں، مغلیہ فن تعمیر، بہاولپور کے عظیم محلات، صوفی روایات، گندھارا تہذیب و تمدن، جنوب میں بلوچستان کے سنہری ساحل سمندر اورصحرا تمام سیاحوں  کیلئے خوبصورت اور دلکش مناظر پیش کرتے ہیں۔ ان سے بڑھ کر پاکستانیوں کی روائیتی مہمان نوازی ہے جو اس دیدہ زیب سرزمین پر آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتی ہے۔ 

سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ حکومت کے موجودہ فیصلے کے بعد فرانس سمیت بہت سے ممالک کے شہریوں کو پاکستان آنے کیلئے آن لائن ویزے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکومت کے اس فیصلے کو بیرونی ممالک میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور اس فیصلے سے پاکستان کی سیاحت کی کو مزید ابھرنے میں مدد ملے گی۔