counter easy hit

پاکستان آئیڈل کا آغاز ۔۔۔۔۔ وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پاکستان کی نوجوان نسل کو خوشخبری سنا دی

لاہور (ویب ڈیسک) پنجاب کے وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تہذیب و ثقافت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے حکومت نئی ثقافتی پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس میں فنکاروں، ہنرمندوں، دست کاروں اور فنون لطیفہ کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے
ساتھ ساتھ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی، انہیں علاج معالجے کی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ نئے ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے ’’پاکستان آئیڈل‘‘ شروع کیا جائے گا۔ اور مستحق فنکاروں کی مالی معاونت کی جائے گی۔ یہ بات انہوںنے لوک ورثہ شکرپڑیاں اسلام آباد میں منعقد کئے گئے دس روزہ قومی میلے کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اپنے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ثقافتی سرگرمیوںکو فروغ دیا جائے گا اور صوبہ پنجاب میں وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کی سرپرستی میں صوبے کے تمام خطوں کے ثقافتی ورثے کو ہر سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے دس ہزار فنکاروں کی مالی مدد، ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے اور فنکاروںکے لئے سالانہ چار لاکھ روپے تک علاج معالجے کے لئے وقف کئے جائیں گے۔ فیاض الحسن چوہان نے اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں اور دستکاروں میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات ثقافت کی ترویج اور دستکاروں اور فنکاروں کی پذیرائی کے لئے کوششیں جاری رکھے گی اور آئندہ سال اس سے بڑے پروگرام کا انعقاد کریں گے، ہمارے ملک میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے، اس ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔