counter easy hit

بھارتی مداخلت: معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھایا جائیگا، ملیحہ لودھی مشاورت کیلئے اسلام آباد پہنچ گئیں

Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

اسلام آباد : حکومت نے بھارتی خفیہ ایجنسی( را) کی سرگرمیوں اور ملکی سلامتی کیخلاف مداخلت کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی مشاورت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئی ہیں۔

بھارتی خفیہ ایجنسی ( را ) کی ملکی مفاد کے خلاف سرگرمیوں اور ایم کیو ایم کو فنڈنگ کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کے فیصلے کے پیش نظر مشاورت کے لئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی اسلام آباد پہنچ گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے علاوہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سے بھی ملاقات کریں گی۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہنگامی طور پر بلایا گیا ہے ۔ اس سے قبل دفتر خارجہ میں ہونیوالے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ اور سیکورٹی کونسل دونوں عالمی فورمز پر بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں کا معاملہ اٹھایا جائے ۔ اجلاس میں بی بی سی کی رپورٹ ، ایم کیو ایم کے رہنماؤں کے لندن پولیس کو بیانات اور بھارت کی جانب سے پاکستان کی سیاسی جماعت ایم کیو ایم کو فنڈنگ کے معاملات پر بھی غور و خوض کیا گیا۔

بھارت کی جانب سے ایم کیو ایم کو فنڈنگ اور کارکنوں کی تربیت کے الزامات بی بی سی کی حالیہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں ،ایم کیو ایم کے رہنما طارق میر نے بھی اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ بھارت ایم کیو ایم کو فنڈنگ کرتا ہے ۔ اجلاس میں پاکستانی علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں کے حوالے سے حقائق پر مبنی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں بھی بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آ چکے ہیں۔