چنیوٹ: ایکسپریس نیوز کے مطابق چنیوٹ میں گورنمنٹ اسکول پر زمیندار نے قبضہ کرکے اپنے ملازمین کی رہائش گاہ بنادیا جب کہ اسکول میں زیرِتعلیم 50 سے زائد بچے دربدر ہوگئے ہیں۔ گورنمنٹ پرائمری اسکول کوٹ غنی کی خاتون استاد کا کہنا ہے کہ بااثر زمیندار مجھے قتل کی دھمکیاں دیں اور بچوں سمیت اسکول سے نکال کر تالے لگا دیئے جب کہ زمیندار نے مجھے کسی کو خبر کرنے پر بھی سنگین نتائج دھمکیاں دیں۔

دوسری جانب سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں بھی تعلیم دشمنی کا ثبوت دیتے ہوئے اسکول کی عمارت کو مسمار کرکے سڑک بنا دی گئی ہے۔ نواحی علاقے ڈیرہ ساروآنہ میں 20 سال سے قائم پرائمری اسکول کی چند ماہ قبل ہی تزئین و آرائش ہوئی تھی تاہم بائی پاس کی تعمیر کے لئے سرکاری اسکول کے کمرے، باتھ روم اور چار دیواری کو مکمل طور پر مسمار کردیا گیا اور سڑک کی تعمیر کردی گئی۔
دوسری جانب محکمہ ہائی وے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہون نے محکمہ تعلیم کو نقصان کی مد میں 34 لاکھ روپے کی رقم ادا کردی ہے اب اسکول کی نئی عمارت کی ذمہ داری محکمہ تعلیم پر عائد ہوتی ہے۔








