counter easy hit

2006 میں دوسروں کی زندگیاں نامی ایک فلم ریلیز ہوئی تھی ، اس فلم کی کہانی کیا ہے اور اس کا پاکستان کے موجودہ تعلقات سے کیا گہرا تعلق ہے ؟ ایک جاندار تحریر

In 2006, the release of a movie called others, what is the story of the movie and what is it related to Pakistan's current relationship? Writing a living

لاہور (ویب ڈیسک) سلطنتِ روما کی ایک حکایت دیکھتے ہیں۔ جولیس سیزر نے 67قبل مسیح میں پومپیا نامی خاتون سے شادی کی۔ سیزر، اپنے منصب کی رعایت سے، رومن مذہب کا اعلیٰ ترین عہدے دار بھی تھا۔ اس عہدے پر فائز شخص کی بیوی کو ہر برس نیکی کی دیوی کا ایک خاص جشن نامور کالم نگار وجاہت مسعود اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔منعقد کرنا ہوتا تھا جس میں صرف عورتیں شریک ہوتی تھیں۔ ایک برس روم کا ایک نامور شخص کلاڈیس بھیس بدل کر اس تقریب میں داخل ہو گیا۔ اور گرفتار ہو گیا۔ الزام تھا کہ وہ سیزر کی بیوی پومپیا کو ورغلانے کی نیت رکھتا تھا، مقدمہ چلا۔ سیزر نے تمام شواہد کے باوجود کلاڈیس کے خلاف گواہی نہیں دی لیکن اس کے بری ہوتے ہی اپنی بیوی پومپیا کو یہ کہہ کر طلاق دے دی کہ سیزر کی بیوی کو شک سے بالا ہونا چاہئے۔ سیزر کی اہلیہ کو تھوڑی دیر کے لئے بھول کر سابق مشرقی جرمنی چلتے ہیں۔اگست 1990میں جرمنی کے دونوں حصے پھر سے یکجا ہوئے تو 45برس کے پردے میں چھپی کہانیاں بھی سامنے آئیں۔ 2006میں ’دوسروں کی زندگیاں‘ (The Lives of Others) کے عنوان سے بننے والی فلم نے تہلکہ مچا دیا۔ یہ فلم مشرقی جرمنی کے خفیہ ادارے سٹاسی (Stasi)کی طرف سے قومی سلامتی کے نام پر اپنے ہی شہریوں کی زندگی میں مداخلت کی کہانی ہے۔ نظریے کے نام پر ریاست کو کیسے زوال آتا ہے، کار سرکار میں کیا خرابیاں پیدا ہوتی ہیں، فرد پر کیا عذاب اترتے ہیں۔ بظاہر قانون اور ضابطے کی بے داغ چادر تلے جرم اور بدعنوانی کے دھبے کیسے نمودار ہوتے ہیں۔ معیشت کیسے تباہ ہوتی ہے، تمدن کی سانس کیسے گھٹتی ہے؟ 2006میں آسکر ایوارڈ جیتنے والی یہ فلم دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔ صرف ایک منظر سن لیجئے۔ سٹاسی کا ایک کارندہ گرڈ وائزلر لفٹ میں داخل ہوتا ہے۔ کوئی چار برس کا ایک معصوم سا بچہ ایک بڑی سی گیند اٹھائے لفٹ میں موجود ہے۔ کچھ دیر خاموشی کے بعد بچہ وائزلر سے مکالمہ کرتا ہے۔ آپ واقعی سٹاسی والے ہو؟ (وائزلر)تمہیں معلوم ہے کہ سٹاسی کیا ہوتی ہے؟ (بچہ) ہاں، سٹاسی والے برے لوگ ہوتے ہیں جو کسی کو پکڑ کر قید کر لیتے ہیں۔ (وائزلر) تمہیں کس نے بتایا؟ (بچہ) میرے ابا نے… (وائزلر شکرے جیسی تیزی سے) کیا نام ہے تمہارے…؟ (بچہ) کس کا نام؟ (وائزلر بچے کی معصومیت پر ہچکچا جاتا ہے)میرا مطلب ہے… تمہاری گیند کا کیا نام ہے؟ (بچہ) پاگل ہو کیا؟ گیند کا بھی کوئی نام ہوتا ہے؟ اس مکالمے سے اشارہ ملتا ہے کہ اگر ریاست کا حقیقی چہرہ اس حد تک بے نقاب ہو جائے کہ معصوم بچے بھی اس کے خدوخال جان لیں تو سمجھ لیجئے کہ اب دامن کی بخیہ گری مشکل ہو چکی۔ سیزر کی بیوی کا قصہ یہ ہے کہ ہمارا نظام عدل 10مئی 1955سے کٹہرے میں ہے۔ اس روز جسٹس منیر نے مولوی تمیز الدین کی آئینی درخواست مسترد کی تھی۔ اس فیصلے کی قانونی حقیقت خود جسٹس صاحب نے ریٹائرمنٹ کے بعد 22اپریل 1960کو لاہور بار ایسوسی ایشن سے الوداعی تقریر میں بیان کر دی تھی۔ ’فیڈرل کورٹ کا فیصلہ دباؤ کا نتیجہ تھا۔ اس مقدمے کے فیصلے نے ججوں کو جس اذیت سے دوچار رکھا، الفاظ اس کا احاطہ کرنے سے قاصر ہیں۔ ججوں کی اس کیفیت کو عدالتی ایذا رسانی کہنا چاہئے۔ اگر 1955میں دباؤ کا یہ عالم تھا تو ڈوسو کیس کی حقیقت معلوم۔ اعلیٰ عدلیہ پر دباؤ کی تاریخ کا ایک منظر تو یہی ہے کہ نصرت بھٹو کیس کے ٹائپ شدہ فیصلے میں جنرل ضیاء الحق کے لئے ’آئینی ترمیم کا اختیار‘ جسٹس انوار الحق نے 9اور 10نومبر 1977کی درمیانی شب اپنے ہاتھ سے ایزاد کیا تھا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے سائے آج بھی ہماری سیاست پر منڈلا رہے ہیں۔ حاجی سیف اللہ کیس میں وسیم سجاد کی بھاگ دوڑ 29مارچ 1993کو جسٹس افضل ظلہ کی عدالت میں ثابت ہو گئی۔ ظفر علی شاہ کیس میں جسٹس ارشاد حسن کی اطاعت گزاری تاریخ کا حصہ ہے۔ جسٹس افتخار محمد اور جسٹس ثاقب نثار کے ہاتھوں ایگزیکٹو میں مداخلت سامنے کی بات ہے۔ ریکوڈک کیس میں چھ ارب ڈالر کا عدالتی جرمانہ ابھی سامنے آیا ہے۔ جسٹس ثاقب نثار ڈیم فنڈ کے نو ارب روپے اچانک چھ کروڑ رہ گئے۔ ہم نے جسٹس شوکت عزیز کو سبکدوش کر دیا اور جسٹس فائز عیسیٰ کا معاملہ زیر سماعت ہے۔ سیزر کی بیوی کی کچھ دستاویزات چیئرمین نیب کے معاملے میں باہر نکلیں تو کچھ جج ارشد ملک کے پیمانے سے چھلک اٹھیں۔ نتیجہ یہ کہ احتساب کے تنبو کی طنابیں اکھڑ رہی ہیں۔ہم نے ریاست اور یہاں رہنے والوں کو ایک ایسے پھیلے ہوئے ہمہ جہتی جرم کی سازش بنا دیا ہے جس میں پوری قوم کا ضمیر آلودہ ہو رہا ہے۔ سیاسی قیادت کا احتساب تو ہماری تاریخ کا مستقل ضمیمہ رہا ہے لیکن ہم نے گزشتہ دس برس میں کرپشن کے احتساب کو ایک ہتھیار کی صورت میں اس نیم خواندہ ہجوم کو تھما دیا ہے جس نے نفرت، خود ترسی، خود فریبی، خود پسندی اور احساس کمتری کے خمیرہ مغلظ بہ ورق نقرہ پیچیدہ پر پرورش پائی ہے۔ ہم نے عوام کو مسائل سمجھنے اور حل کرنے کا ہنر سکھایا ہی نہیں۔ چنانچہ وہ ہر وقت ایک معجزے اور ایک مسیحا کی جستجو میں ہیں۔ کبھی وہ ایٹمی صلاحیت کے نعرے لگانے لگتے ہیں۔ کبھی ریکو ڈک کے سونے پر نگاہیں جما کے بیٹھ جاتے ہیں۔ کبھی تھر کے کوئلے میں انگلیاں پھیرتے ہیں۔ کبھی سمندر سے تیل نکلنے کی خبر سن کر ناچتے ہیں۔ کبھی انہیں چنیوٹ کے پاس لوہے کے ذخائر نظر آتے ہیں۔ کبھی سوئس بینکوں سے دو سو ارب ڈالر کی واپسی کا انتظار کرتے ہیں۔ جب یہ خواب پورے نہیں ہوتے تو وہ ’چند ہزار لٹیروں‘ کو پھانسی دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اجتماعی بندوبست کی ناکامی کو کسی نامزد گروہ سے اندھی نفرت میں بدلنا فسطائی ہتھکنڈہ ہے۔ حکومت فسطائی ہے یا نہیں، ہم نے ملک میں فسطائیت کی نفسیات پیدا کر دی ہے۔ حالیہ واقعات میں کسی کو خیال آیا کہ عشروں پہلے ہم نے جرم اور گناہ کو گڈمڈ کر کے آج کی عریاں رسوائی کا دروازہ کھولا تھا؟ آمریت ریاست اور حکومت میں فرق نہیں کرتی۔ اسی سے اداروں کی خجالت کا سامان ہوا ہے۔ ہم نے معیشت اور سیاست کا نامیاتی تعلق ختم کر کے اپنی ترقی پذیر معیشت کو قریب قریب ناممکن صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ ریاست اور عوام میں اعتماد کا بحران بڑھ رہا ہے۔ یہ بحران احتساب کی اندر سبھا سے حل نہیں ہو گا، معاشی استحکام کے لئے شفاف سیاسی عمل کو موقع دیجئے ورنہ سال رواں کے آخر تک معاملات خطرناک رخ اختیار کر لیں گے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website