counter easy hit

عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں، قیدیوں اور حجاج کا معاملہ اٹھا کر دل جیت لیا

کراچی: سینئر تجزیہ کارمظہر عباس، حسن نثار، ریما عمر، بابر ستار اور ارشد بھٹی نے کہا ہے کہ عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں، قیدیوں اور حجاج کا معاملہ اٹھا کر دل جیت لیا، سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان کلبھوشن کیس جیت گیا تو عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کو تقویت ملے گی، بھارتی انتہا پسندی کو آئندہ مقبوضہ کشمیر سے کلبھوشن کیس تک عالمی سطح پر بےشمار شرمندگیوں کا سامنا کرنا پڑے گا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے فیصلوں کیخلاف نظرثانی اپیلیں ان پر عدم اعتماد کی بات نہیں اپیل قانونی راستہ ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے سوالات جواب دے رہے تھے۔ سعودی ولی عہد کے دورے سے پاک سعودی تعلقات چین کی طرح اسٹریٹجک سے بڑھ کر معاشی بن سکیں گے؟ اس پر حسن نثار نے کہا کہ اقتصادی تعلقات اسٹریٹجک تعلقات کا ہی ایک اہم رخ ہوتے ہیں، پاک سعودی تعلقات میں امریکی رضامندی شامل ہے۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں، قیدیوں اور حجاج کا معاملہ اٹھا کر دل جیت لیا، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اب معاشی میدان میں بھی بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ مظہر عباس نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ سعودی عرب سے تعلقات میں نئی لہر تازہ ہوا کا جھونکا ہے، سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات مزید استحکام کی طرف جائیں گے، اسٹریٹجک تعلقات معاشی صورتحال کو سپورٹ کرتے ہیں۔بابر ستا ر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا معاشی تعلق نوکریوں کی حد تک تھا مگر اب براہ راست سرمایہ کاری آرہی ہے، ایک دوسرے پر انحصار کا تعلق ہی اسٹریٹجک تعلق ہوتا ہے۔ ریما عمر نے کہا کہ پاک سعودی معاشی تعلقات اتنے مضبوط نہیں ہو سکتے جتنے پاک چین معاشی تعلقات ہیں۔دوسرے سوال عالمی عدالت میں کلبھوشن کیس پاکستان جیت گیا تو کیا بھارت کے معاملہ پر پاکستان کے بیانیے کو عالمی سطح پرتقویت ملے گی؟ ریما عمر نے کہا کہ بھارت نے جو ریلیف مانگی ہیں وہ عالمی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی ہیں، بھارت کلبھوشن کی رہائی اور موت کی سزا ختم کرنے کا مطالبہ کرتا ہے لیکن آئی سی جے ایسی ریلیف نہیں دے سکتا۔ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کیس میں پاکستان سچ نہیں بیچ پایا بھارت اپنا جھوٹ بیچ رہا ہے۔