counter easy hit

وزیراعظم نے 2014 میں 26 لاکھ 11 ہزاراور عمران خان نے 2 لاکھ 18 ہزار ٹیکس ادا کیا

اسلام آباد (جیوڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری برائے سال 2014 جاری کر دی جس کے مطابق گزشتہ سال وزیراعظم نواز شریف نے 26 لاکھ 11 ہزار اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 2 لاکھ 18 ہزار ٹیکس ادا کیا جب کہ فاٹا سے تعلق رکھنے والے تاج آفریدی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرکے سب پر بازی لے گئے۔

ایف بی آر کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کی جاری کردہ ٹیکس ڈٓائریکٹری برائے سال 2014 کے مطابق گزشتہ سال سب سے زیادہ ٹیکس فاٹا سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ تاج آفریدی نے 2 کروڑ 40 لاکھ روپے ادا کیا جب کہ پیپلزپارٹی کے اعتزاز احسن بھی ایک کروڑ 24 لاکھ 74 ہزار 875 روپے انکم ٹیکس ادا کرکے نمایاں رہے جب کہ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ سال 26 لاکھ 11 ہزار اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک لاکھ 95 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 2 لاکھ 18 ہزار، جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 15 ہزار 688 روپے، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے 22 لاکھ 86 ہزار ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے 6 لاکھ 41 ہزار 284 روپے اور وزیراطلاعات پرویز رشید نے 3 لاکھ 13 ہزار روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے 6 لاکھ 85 ہزار 707 روپے، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے 3 لاکھ 27 ہزار 895، وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ سال 51 لاکھ 25 ہزار، حمزہ شہباز نے 48 لاکھ 88 ہزار، شاہد خاقان عباسی نے 22 لاکھ 13 ہزار، مشاہد حسین سید 49 ہزار334 روپے، شیخ رشید 3 لاکھ 3 ہزار،احسن اقبال ایک لاکھ 30 ہزار، خواجہ سعد رفیق 20 لاکھ 41 ہزار 936 روپے، شفقت محمود نے 72 ہزار 95 روپے انکم ٹیکس ادا کیا جب کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اقبال ظفر جھگڑا نے گزشتہ سال کوئی ٹیکس ادا نہیں کیا۔