counter easy hit

ماہ صیام روح کی بالیدگی کا مہینہ ہے۔ حاجی محمد جاوید عظیمی

Haji Javeed Azeemi

Haji Javeed Azeemi

ہالینڈ (پ۔ر) ماہ صیام روح کی بالیدگی کا مہینہ ہے۔ حاجی محمد جاوید عظیمی نگران مراقبہ ہال ہالینڈ۔ تفصیلات کے مطابق روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمد جاوید عظیمینے ماہ رمضان المبارک 2016کی آمد کی خوشی میں اہل اسلام کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و احسان سے ہمیں ایکبار پھر اس عارضی زندگی میں ماہ مقدسہ کی ساعتیں نصیب فرمائیں ہیں۔

حاجی جاوید عظیمی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام روح کی بالیدگی کا مہینہ ہے جسم کو تر و تازہ اور توانا رکھنے کے لئے ہم مختلف اقسام کے کھانے تناول کرتے ہیں مگر اس جسم کو متحرک رکھنے والی روح کی غذا اللہ تعالیٰ کی بندگی ،عبادات اور ذکر اذکار ہے۔

ماہ صیام میں متذکرہ اعمال کی باقاعدگی اورکثرت سے روح کی بالیدگی ہوتی ہے۔ نگران نے مزید کہا کہ اس ماہ مقدسہ میں بندہ اپنے رب کے حکم کے مطابق اور اپنے خالق کی خوشنودی اور قربت حاصل کرنے کے لئے ایک معینہ وقت تک بھوک پیاس اور نفسانی خواہشات کے تقاضوں سے اپنے آپ کو آزادکرلیتا ہے۔

دوسرے لفظوں میں بندہ اپنے رب کے حکم کے تابے ہو کر عارضی زندگی کے شب و روزایک خاص نظام کے تحت بسر کرنے میں مصروف عمل ہو جاتا ہے بلکہ اس دوران اگر دنیا وی معا ملات میں کسی کی جانب سے زیادتی ہو جائے تو در گزر سے کام لے کر صبر کرتا ہے۔

در حقیقت صبر اللہ کا نور ہے جو مادی حواس میں نورانیت داخل کرکے بندے کو اللہ تعالیٰ کے قریب کر دیتا ہے۔

حاجی محمد جاویدعظیمی نے آخر میں دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو ماہ صیام کی روح کو سمجھنے اللہ کی خوشنودی،رضا ،قربت حاصل کرنے اور مستحقین کا خیال رکھنے کی توفیق جمیل عطا فرمائے آمین ثمہ آمین۔