counter easy hit

مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیرانتظام سالانہ گیارویں آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت کا کامیاب انعقاد

Holland Naat Contest

Holland Naat Contest

ہالینڈ (حاجی جاوید عظیمی) روحانی سلسلہ عظیمیہ کی زیر سرپرستی مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر انتظام و انصرام فروغ نعت کے سلسلے میں سالانہ گیارویں آل یورپ عظیمی مقابلہ حسن نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کامیاب انعقاد دی ہیگ کی جامع مسجد نور الاسلام میں کیا گیا،جس میں یورپ کے مختلف ممالک سے خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے خاتم الانبیاء سید المرسلین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے قلبی اور والہانہ وابستگی کا اظہار کیا۔اس با برکت روحانی تقریب کا آغازآسٹریا سے آئے حذیفہ ربانی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا،نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سوئیزر لینڈ کے ننھے نعت خواں سید زین جیلانی نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

جبکہ میاں مظفر نے عارفانہ کلام اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔مذکورہ تقریب کے صدر نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں شرکائے تقریب کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم اللہ کے محبوب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اُمتی ہیں اُس رسول کے اُمتی ہیں کہ جن کا اُمتی بننے کے لئے انبیاء کرام نے دعائیں کیںآج ہم سب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کے لئے اس منزہ پاکیزہ محفل میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف و توصیف سننے اور سنانے کے لئے موجود ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہماری اس محبت کو اپنی بارگاہ عالیہ میں شرف قبولیت فرمائے آمین ثمہ آمین۔حاجی جاوید عظیمی نے ذکر جہر اور گنبدے خضراء کا مراقبہ بھی کروایا۔اس نعتیہ مقابلہ میں یورپ کے مختلف ممالک سے گیارہ نعت خوانوں نے حصہ لیا سوئیزر لینڈ کی معروف دینی اور سماجی شخصیت سید علی جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی جیوری نے اپنے حتمی فیصلے میں اول پوزیشن عبدالغفور (جرمنی) دوم پوزیشن وقاص ملک (ہالینڈ) سوم پوزیشن راشد علی خان (ہالینڈ) قرار دیا ۔ سفارتخانہ ٔ پاکستان دی ہیگ کے ناظم الامور شعیب سرور نے اپنے مختصر خطاب میں حاجی جاوید عظیمی اور ان کے معاونین کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس سلسلے کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

بعد ازاں مذکورہ تقریب کی انتظامیہ اور ٹیم اراکین کو حسن کارکردگی کے ایوارڈز اور شیلڈز بھی پیش کیں۔بیرسٹر مرزا عبدالرشید (برطانیہ)نے فرمان الہی اور فرمان رسول کی روشنی میں شرکائے تقریب کو یہ خصوصی پیغامات انتہائی سادہ لفظوں میںمگر مدلل طور پر بیان کئے جنہیں حاضرین نے انہماک کے ساتھ سنااور ان کے دلنشیں انداز کو بے حد سراہا۔ اعزازی نعت معروف نعت خواں شہزاد علی خان نے پیش کی تو حاضرین پر روحانی کیف طاری ہو گیاجس سے فضا نعرۂ تکبیر اور نعرہ ٔ رسالت کی فلک شگا ف آوازوں سے گونج اُٹھی۔درودوسلام امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خواں حضرات نے ایک ایک شعر پڑھ کر مکمل کیا۔

سید علی جیلانی نے اجتماعی دعا میں اسلام کی سربلندی،پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ سلسلہ عظیمیہ کے بانی امام حضور قلندر بابا اُولیائ کی درجات کی بلندی اور موجودہ خانوادہ مرشد کریم حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی صحت و تندرستی اور حاضرین کے خیر وبرکت کے لئے خصوصی دعائیں کیں متذکرہ پروگرام کی نظامت کے فرأیض محمد شفیق چیمہ نے عمدگی سے سر انجام دئیے۔تقریب کے اختتام پر مراقبہ ہال ہالینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے حاضرین کی تواضع لنگر محمدی سے کی گئی۔