counter easy hit

مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام استقبال رمضان کی پروقار تقریب دی ہیگ میں منعقد کی گئی

Ramadan Ceremony Holland

Ramadan Ceremony Holland

ہالینڈ (پ۔ر) روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام استقبال رمضان کی پروقار تقریب دی ہیگ میں منعقد کی گئی، اس روحانی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے حاجی محمد عبدالرحمن نے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعتوں کے گلدستے شہزاد علی خان ،محمد شفیق چیمہ، میاں مظفرحسین اور راشد علی خان نے پیش کئے۔

نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی نے شرکائے تقریب کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و احسان سے اس عارضی زندگی میں ایکبار پھر ہمیں رمضان المبارک کا مہینہ عطا فرمایا ہے جس کے لیل و نہار رحمتوں اور برکتوں سے معمور ہیں،جاوید عظیمی نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ماہ مقدس اللہ کی تجلی پانے کابہترین موقعہ فراہم کرتا ہے۔

معروف مذہبی اسکا لر علامہ افتخار علی چشتی نے ماہ صیام کی مناسبت سے اپنے پرُ مغز علمی خطاب میں کہا ہمیں تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ خوراک کی کمی کے باعث کوئی نہیں مرتا بلکہ کثرت خوراک سے اموات ہوتی ہیں جبکہ دیکھا جائے تو زندگی کو رواں دواں رکھنے کے لئے سب سے ضروری عنصر آکسیجن ہے۔

علامہ سید افتخار حسین شاہ نے ماہ مقدسہ کی اہمیت اور عظمت کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بڑے مدلل انداز میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میںکثرت سے عبادات کریں اور اس کے کسی لمحے کو غفلت میں نہ گزاریں۔حاجی محمد جاویدعظیمی نے ذکر جہر اور گنبدے خضراء کا مراقبہ بھی کروایا ، نبی کریم ۖ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ تمام شرکائے تقریب نے شہزاد علی خان کے ساتھ مل کر پیش کیا۔

اجتماعی دعا میں علامہ سید افتخار حسین شاہ نے سلسلہ عظیمیہ کے مرشد حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کی درازیٔ عمر اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لئے اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی مناجات پیش کیں تقریب کے اختتام پر حاضرین کی تواضع لنگر عظیمی سے کی گئی۔