counter easy hit

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط

Ishaq Dar and Mehmood Qureshi

Ishaq Dar and Mehmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) تحریک انصاف اور حکومتی نمائندوں نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ، تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی اور جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کمیشن کے قیام کے حوالے سے دونوں جماعتوں نے لچک کا مظاہرہ کیا۔

دونوں جانب سے ممبران کام کرتے رہے جس پر ان کے مشکور ہیں، ہماری کوشش تھی کہ اس معاہدے میں پیپلزپارٹی کی جانب سے خورشید شاہ اور رحمان ملک کے بھی دستخط لیے جاتے تاہم ان کی ذاتی مصروفیات کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لیے سیاسی جرگے نے بھی بے انتہا کوششیں کیں اور تمام لوگوں کی کوششوں کی بدولت ہی آج یہ نتیجہ سامنے آیا جس پر ان تمام لوگوں کے مشکور ہیں، ملک میں جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق قیاس آرائیاں موجود تھیں جنہیں اب ختم ہونا چاہئے۔

کیونکہ اب کمیشن کے قیام اور آرڈیننس کے مسودے تیار کرلیے گئے ہیں اور ہم کوشش کریں گے کہ جتنی جلدی ہو اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ کل رات 12 بجے سے قبل آرڈیننس جاری ہوسکتا ہے۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں اہم دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا، آج سیاسی قیادت نے ملک کو شفاف انتخابات کا ڈھانچہ دینے کا تہیہ کیا ہے، ہمیں مستقبل کے لیے ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہے اور اس انداز میں انتخابات کا انعقاد کرانا ہے۔

جس پر قوم کو اعتماد ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری طویل نشست کے نتیجے میں عام انتخابات میں جو کچھ ہوا اس کی تحقیق ہوگی اور اس کی بنیاد پر ہمیں انتخابات کو شفاف بنانے کی منصوبہ بندی کرنا ہے جس کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان مذاکرات کے نتیجے میں انتخابی اصلاحات ہوں گی جس کے لیے کمیٹی کام کررہی ہے اس کی بھی سفارشات سامنے آئیں گی جس سے اس میں مزید نکھار پیدا ہوگا، اس سے ہمارا انتخابی نظام مضبوط ہوگا اور لوگوں کا اس پر اعتماد بڑھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے جس انداز میں اس عمل کو مکمل کیا یہ ایک تاریخی دستاویز ہے جس سے پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہوگی، جوڈیشل کمیشن کے لیے وزیراعظم نے خط لکھا جس پر ان کے جذبے کی قدر کرتے ہیں تاہم آج کےمعاہدے کی روح مختلف ہے جو ایک قانون کے تحت ہے۔