counter easy hit

غوث اعظم ؒ نے علم و عمل سے انسانیت کو معرفت خدا سے شناسا کیا

 Birmingham

Birmingham

برمنگھم( ایس ایم عرفان طاہر)غوث اعظم ؒ نے علم و عمل سے انسانیت کو معرفت خدا سے شناسا کیا ۔ خانقاہی نظام پر پڑی دھول کو صاف کر کے شریعت محمدی ﷺ کے پہرے لگا دئیے۔ احترام انسانیت اور خدمت خلق کے جذبے کو پروان چڑھایا ۔ گمراہ انسانیت کو دروس قرآن و سنت ، اسباق تصو ف و روحانیت اور اپنی نظر ولایت سے صراط مستقیم پر گامزن فرمایا۔ جہالت کو تصوف کیلئے زہر قاتل قرار دیا ۔ سیدنا شیخ عبد القادرجیلانی ؒ نے ولایت کے اصل چہرے کو ملت کے سامنے رکھا ۔ غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے روحانیت میں تکبر، حسد ،بغض ، ریاکاری اور شخصیت پرستی کو گمراہی قرار دیا ۔ صوفیائے امت تا قیامت آفتاب ولایت شیخ عبد القادرجیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے ۔آج ملک و ملت سے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے فرقہ وارانہ مواد پر پابندی کے ساتھ ساتھ دروسِ تصوف عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ نصاب تعلیم میں سیرت النبی ﷺ ، سیرت اولیاء اور تصوف و روحانیت کے مضامین شامل کیئے جائیں تاکہ مدارس سے خشک ملاں پیدا ہونے کی بجائے محبت کے علمبردار علماء پیدا ہوں ۔ان خیالات کا اظہار معروف مذہبی سکالر قائد تحریک اویسیہ پاکستان علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے جامع مسجد انوار العلوم کیپ ھل سمیدک برمنگھم میں ماہانہ محفل گیارہویں شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر علامہ قمر الیاس عطاری ،پیر سید نعمان حسین شاہ جماعتی ، قاری فخر الزمان اور دیگر نے بھی خطاب و ہدیہ نعت پیش کیا ۔ علامہ پیر محمد تبسم بشیر اویسی نے کہا کہ صوفیائے امت آسمان ولایت پر ستارے ہیں اور حضور غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ آفتاب و ماہتاب کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ہر دور میں ہر ولی نے آپ کی کمال شخصیت کو تسلیم کیا ۔غوث اعظم رحمۃ اللہ علیہ نے تمام علوم کو اپنے دروس میں شامل کر کے دنیا کو باور کرایا کہ صوفی جاہل نہیں ہوتا اور جو جاہل ہو وہ صوفی نہیں ہو سکتا۔ محبت اولیاء سے سرشار افراد نہ تو دہشت گرد ہوتے ہیں او رنہ ملک و قوم کے باغی ہوتے ہیں۔