کھاریاں(نیئر صدیقی سے) جرمن پلٹ پاکستانی کی زمین پروکیل کا قبضہ ، ڈی سی او نے اے سی کھاریاں سے رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق لالہ موسیٰ کے محلہ کریم پورہ کے رہائشی ارشد محمود نے ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کو درخواست دی کہ میں گذشتہ 36سال سے جرمنی میں مقیم ہوں ، 6سال پہلے میں نے موضع ٹھیکریاں تحصیل کھاریاں میں بارہ مرلے زمین خریدی جس کے مکمل کاغذات میرے پاس ہیں۔گذشتہ برس جب میں پاکستان آیا تو میری زمین میں چارہ اگا ہوا تھا ، لوگوں سے استفسار کرنے پر پتہ چلا کہ زبیر انور ایڈووکیٹ نامی شخص نے میری زمین کاشت کی ہوئی ہے، گذشتہ برس 21مارچ کو مجھے اطلاع ملی کہ میرے رقبہ پر قبضہ کی کوشش ہو رہی ہے میں نے اسی وقت تھانہ صدر جا کر درخواست دی جس پر ایس ایچ او نے فریقین کو بلایا اور پابند کیا کہ مذکورہ زمین میں کسی بھی قسم کی کوئی تعمیر نہ کریں جبکہ رات کے اندھیرے میں اس نے میری زمین پر آہنی دروازہ لگا دیا۔میں ایک سال سے مختلف واسطوں سے کوششیں کرتا رہا ہوں لیکن میری زمین واگزار نہیں ہو سکی۔ ارشد محمود نے ڈی سی او سے اپیل کی کہ میری زمین زبیر انور ایڈووکیٹ سے واگزار کرائی جائے جس پر ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے درخواست اے سی کھاریاں کو مارک کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس کی مکمل تحقیقات کر کے فی الفور ڈی سی او آفس میں رپورٹ کریں۔واضح رہے کہ زمین کے سابق مالک کا کہنا ہے کہ اس نے زمین ارشد محمود کے علاوہ کسی کو نہ بیچی ہے اور مذکورہ زمین کا مالک ارشد محمود ہی ہے۔