counter easy hit

پارلیمنٹ میں جنرل راحیل شریف کی مقررہ تاریخ پر ریٹائرمنٹ موضوع گفتگو بنی رہی

پیر کو قومی اسمبلی اور سینٹ کے اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد شروع ہو ئے تو فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی 28نومبر2016ء کو ریٹائرمنٹ کی خبر پارلیمنٹ ہائوس تک پہنچ چکی تھی پوری پارلیمنٹ کے لئے یہ چونکا دینے والی ’’خبر ‘‘ تھی پچھلے کئی دنوں سے اینکر پرسنز ،صحافی اور سیاسی پنڈت جنرل راحیل شریف کے ’’مستقبل ‘‘ کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے تھے لیکن کوئی شخص اس بارے میں حتمی بات کہنے کی پوزیشن میں نہیں تھا یہ واحد معاملہ ہے جس پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے حکومت کے کسی عہدیدار سے مشاورت نہیں کی حتیٰ کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کے پاس بھی اس بارے میں کہنے کے لئے کچھ نہیں تھا۔ پیر کو پارلیمنٹ کی لابیوں میں نئے آرمی چیف کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں میاں رضا ربانی نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا ایوان بالا میں خیر مقدم کیا ہے۔ سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر چوہدری تنویر خان نے اسلام آباد کے حوالے سے تحریک پیش کی انہوں نے اسلام آباد کے شہری مسائل پر کھل کر بات کی ان کی تقریر سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ پوری تیار کر کے آئے ہیں موجودہ سینٹ میں چوہدری تنویر ایک اچھا اضافہ ہے جو ہر موضوع پر پوری تیاری کر کے ایوان آتے ہیں انہوں نے اسلام آباد کے مسائل کا خوبصورت انداز میں احاطہ کیا قومی اسمبلی کا ایوان اجڑے دیار کا منظر پیش کر رہا تھا وزراء اسور پارلیمانی لیڈروں کی فرنٹ لائن خالی تھی ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباس کورم کے بغیر کارروائی چلاتے رہے پیپلز پارٹی نے کورم کی نشاندہی تو نہ کی لیکن حکومت کو کورم ٹوٹنے کا احساس دلاتی رہی اور کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی نہ کر کے احسان چڑھاتی رہی سینٹ میں ممتاز سیاستدان حاجی عدیل خان کی ملک و قوم جمہوریت کی بالا دستی اور آئین کی حکمرانی کے لیے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا سراج الحق نے حاجی عدیل مرحوم کو خیبر پختونخوا کی آنکھ، زبان، پہچان اور پاکستان کا پھول قرار دیا ہے سینیٹر نعمان وزیر سینیٹر طاہر حسین مشہدی ، سینیٹر مشاہد حسین سید، شاہی سید، عثمان خان کاکڑ، محسن عزیز، جاوید عباسی، فرحت اللہ بابر، جہانزیب جمالدینی ، اعظم سواتی، سحر کامران، احمد حسن، اور دیگر نے بھی حاجی عدیل کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے ایوان بالا کے اجلاس کی کارروائی کے دوران بتایا کہ سابقہ قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے پربچوں پر تشدد کے خلاف بل بھی لیپس ہوگیا تھا اس حوالے سے سینٹ نے کسی غفلت کا مظاہرہ نہیں کیا تھا ۔ سینٹ کے پاس بل دو دن رہا قومی اسمبلی کے تحلیل ہونے پر بل لیپس ہوگیا سینیٹ کو بدنام کرنے سے پہلے حقائق کو معلوم کر لینے چاہیں ۔حقائق یہ ہیں کہ بچوں پر جسمانی تشد دکے خلاف قومی اسمبلی میں بل 12مارچ 2013کو منظور ہوا تھا ۔ عطیہ عنایت اللہ بل کی محرک تھیں ۔ آسیہ ناز تنولی نے مجلس قائمہ برائے قانون و انصاف کی پاکستان انکوائری کمیشنز بل 2016ء کے بارے میں رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی ہے قومی اسمبلی نے پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی بل 2016ء کی منظوری دیدی ڈپٹی سپیکر نے بل کی شقوں کی ایوان سے منظوری حاصل کرنا شروع کی تو سید نوید قمر نے کہا کہ قانون سازی کے دوران ایوان میں کورم پورا ہونا چاہیے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد ارکان کو بلا رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے بل کی بقیہ شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری حاصل کی سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر حکومت پر اپنے ’’احسانات‘‘ کی بارش کرتے رہے قومی اسمبلی میں حکومت کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی ایک خاتون رکن کی سرکاری ٹیچر والدہ کئی سال سے سکول حاضر ہوئے بغیر تنخواہ لے رہی ہیں جبکہ وزارت تعلیم کے سیکرٹری کو اس کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب سے 35سو پاکستانی واپس آچکے ہیں‘ 2600 وہاں پر دوسری کمپنیوں میں ایڈجسٹ ہو چکے ہیں ۔چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلا کر مردم شماری کرانے کے مسئلہ کا حل نکالا جائے۔ جبکہ حکومت کی طرف سے سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ مردم شماری موخر کرنے کا فیصلہ مشترکہ مفادات کونسل میں کیا گیا ہے‘ایوان بالا نے خواتین کو اسلامی نظریاتی کونسل میں نمائندگی دینے، اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی اداروں کے نصاب میں موسمیاتی تبدیلی کے مضمون کو شامل کرنے،بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کرنے والوں کے لئے پر کشش انعام اور بلوچستان کے کاشتکاروں ذمہ واجب الادا زرعی قرضوں کو معاف کرنے سے متعلق قرار دادوں کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

 

بشکریہ نواےؑ وقت

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website