counter easy hit

جلد کی رنگت کے مطابق فاؤنڈیشن کا انتخاب

بے عیب جلد کے لئے فاؤنڈیشن بہت ضروری ہے لیکن بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ ہم اپنی جلد کے لئے درُست فاؤنڈیشن کا انتخاب کر سکیں۔ اِسی وجہ سے غلط فاؤنڈیشن شیڈ لگانے سے سارا میک اپ بھی خراب ہو جاتا ہے۔ ہم میں سے صرف پندرہ فیصد خواتین ایسی ہوں گی جو فاؤنڈیشن کے درست شیڈ کو منتخب کرتی ہیں۔

درُست فاؤنڈیشن کے انتخاب کے لئے آپ کو اِن باتوں کا پتا ہونا ضروری ہے
آپ کی جلد ٹون کیا ہے؟

آپ کی جلد کس قسم کی ہے؟

جلد ٹون کا پتا چلانا
شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر غور سے دیکھیں کہ آپ کی جلد پنک لگ رہی ہے یا پیلی، پھر اِس کے مطابق پنک یا پیلی ٹون میں فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں۔
جلد کی قسم

اس کے بعد جائزہ لیتے ہیں کہ آپ کی جلد کی قسم کیا ہے۔ یہ نارمل ہے خشک، چکنی یا ملی جُلی۔ اِس کے لئے منہ کو اچھی طرح صابن سے دھو کر ایک گھنٹہ انتظار کریں ۔ اب ایک ٹشو سے اپنے ٹی زون، پیشانی اور ناک کو صاف کریں اگر ٹشو صاف رہے اُس پر کوئی چکنائی نا لگے اور نا ہی آپ کو اپنے چہرے پر خشکی نطر آئے تو آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کی جلد نارمل ہے۔
اگر ٹشو پر چکنائی لگی ہو تو آپ کی جلد چکنی ہے اور اگر آپ کو اپنی جلد سخت محسوس ہو اور اِس پر خشکی کے دھبے ہوں تو آپ کی جلد خشک ہے۔
اگر ٹی زون پر چکنائی ہو اور باقی جلد نارمل اور خشک ہو تو اِس کا مطلب ہے آپ کی جلد ملی جُلی ہے۔

فاؤنڈیشن کی اقسام
فاؤنڈیشن چار قسم کے ہوتے ہیں۔ لیکوڈ، کریم، اسٹک اور پاؤڈر۔ لیکوڈ فاؤنڈیشن عام طور پر ہر قسم کی جلد کےلئے مناسب ہے۔ کریم فاؤنڈیشن نارمل ،خشک جلد اور ملی جُلی جلد کےلئے ٹھیک رہتا ہے۔ ماہرین عام طور پر اسٹک فاؤنڈیشن کا انتخاب کرتے ہیں اور یہ چکنی جلد کے لئے مناسب رہتا ہے اور پاؤڈر فاؤنڈیشن بھی چکنی جلد کےلئے بہتر رہتا ہے۔

درُست فاؤنڈیشن شیڈ کا انتخاب
اب فیصلہ کُن مرحلہ آتا ہے جس میں آپ نے اپنی جلد کی ٹون اور قسم کے مطابق درُست فاؤنڈیشن شیڈ کا انتخاب کرنا ہے۔ فاؤنڈیشن شیڈ کو اپنے ہاتھ کے پچھلی طرف لگائیں اگر یہ آپ کی جلد کی رنگت سے میچ کر جائے تو یہی بہتر ہے اور اگر ہلکا یا گہرا ہو تو وہ شیڈ ٹھیک نہیں، اِس لئے کسی اور شیڈ کو چیک کریں۔