سکھر: اندرون سندھ میٹرک کے امتحانات میں نقل زوروں پر ہے اور انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 15 طلبہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

حیدرآباد تعلیمی بورڈ کے تحت بھی نویں اور دسویں جماعتوں کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے۔ حیدرآباد میں بھی امتحانی مراکز میں پرچے دینے کیلئے آنے والے طالبعلموں سے نقل کا مواد برآمد ہوا ہے۔ میرپور ماتھیلو کے امتحانی مرکز ہائی اسکول میں واٹس اپ کے ذریعے انگلش ون کا پرچہ وقت سے پہلے ہی آؤٹ ہوگیا۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود امتحانی مرکز کے باہر غیر متعلقہ افراد موجود رہے۔
ادھر بدین میں بھی انگریزی ون کا پرچہ آؤٹ ہوگیا تاہم ناظم امتحانات مسرور زئی نے آؤٹ ہونے والا پرچہ جعلی قرار دے دیا۔ ناظم امتحانات نے کہا کہ امتحانی پرچے سینٹرز کوڈ کے ساتھ شائع کئے گئے ہیں۔ لاڑکانہ بورڈ کے زیراہتمام بعض امتحانی مراکز میں سندھی ون کے پرچہ کے اجرا میں تاخیر ہوئی۔ تو موبائل فون پر سوالیہ پرچہ پہنچنے پر طلبہ و طالبات نے پرچہ حال کرنا شروع کردیا۔








