counter easy hit

فلم انڈسٹری کے حالات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے : غلام محی الدین

Ghulam Mohiuddin

Ghulam Mohiuddin

لاہور (یس ڈیسک) معروف اداکار غلام محی الدین نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان فلم انڈسٹری کا عروج دیکھا ہے۔ فلم ’’میرا نام ہے محبت‘‘ جس میں، میں نے ہیرو اور بابرہ شریف نے ہیروئن کا کردار ادا کیا، پاکستان میں ہی بنی۔ یہ فلم نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پسند کی گئی۔ چین میں مسلسل 20 سال تک اس فلم کی نمائش کی گئی۔

چند برسوں سے ہماری فلم انڈسٹری کے حالات اچھے نہیں۔ نگارخانے ویران ہو گئے ہیں جنہیں دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں مایوس نہیں، پاکستان فلم انڈسٹری کے حالات جلد بہتر ہونگے۔

پچھلے سال کچھ اچھی فلمیں بنی ہیں جن میں نامعلوم افراد، اپریشن 021 اور سلطنت شامل ہیں۔ اس سال بھی کچھ اچھی فلمیں بن رہی ہیں۔ اگر معیاری فلمیں بنتی ہیں تو فلم انڈسٹری کھویا ہوا مقام جلد حاصل کر لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹی وی ڈرامہ بہت مضبوط ہے۔

دنیا بھر میں پاکستان کے ٹی وی ڈرامے پسند کئے جا رہے ہیں۔ اب فلمیں تو کم بن رہی ہیں اس لئے میں فلموں کے ساتھ ساتھ ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کر رہا ہوں۔