counter easy hit

ایف آئی اے کا ایگزیکٹ اکاؤنٹس کی تفصیلات کے لئے یو اے ای اور برطانیہ سے رابطہ

Axact

Axact

اسلام آباد : جعلی ڈگزی اسکینڈل کے حوالے سے ایگزیکٹ کے بیرون ممالک بینک اکاؤنٹس کے انکشاف کے بعد ایف آئی اے نے یو اے ای اور برطانیہ سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ ایگزیکٹ کے بیرون ممالک 8 بینک اکاؤنٹس بھی ہیں جس کے بعد جعلی ڈگری اسکینڈل نے ایک نیا رخ موڑ لیا ہے اور اب ایگزیکٹ حکام سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے بھی تحقیقات متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام نے یو اے ای میں ایگزیکٹ کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں جب کہ نیویارک ٹائمز کی خبر کے مطابق لندن کی یونیورسٹی سے بھی ایگزیکٹ کے حوالے سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات نے کراچی میں ایگزیکٹ ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور شعیب شیخ سے کی جانے والی تحقیقات کے بعد ایک ایگزیکٹ کی عمارت سے متصل ایک اور عمارت پر چھاپے کے لئے ٹیم تشکیل دی۔ ذرائع کے مطابق اس عمارت میں 800 کے قریب جعلی ڈگریاں بالکل تیار تھیں جو امریکا اور یورپ سمیت مختلف خلیجی ممالک میں بھیجی جانی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات بھی ایف آئی اے نے ایگزیکٹ سے متصل ایک عمارت پر چھاپہ مار کر لاکھوں جعلی ڈگریاں، اسٹوڈنٹس کارڈز اور ڈی وی ڈیز برآمد کر لئے تھے۔