ان کا نام خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست میں بھی شامل تھا لیکن رکن اسمبلی بننا ان کے نصیب میں نہیں تھا۔اسی طرح کی صورتِ حال کا سامنا تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو بھی کرنا پڑا لیکن وہ نہ تو مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کو مات دے سکیں نہ مخصوص نشست پر قومی اسمبلی میں پہنچ سکیں۔پاکستان میں سیاسی جوڑوں کے ایک ہی وقت میں اسمبلی پہنچنے کا رحجان تو پرانا ہے تاہم اس مرتبہ تمام جیون ساتھی پہلی بار ایک ساتھ رکنِ اسمبلی بنے ہیں۔ایک ساتھ رکن اسمبلی بننے والوں میں صدر آصف علی زرداری کی بہن اور بہنوئی بھی شامل ہیں۔جو میاں بیوی اس مرتبہ قومی اور صوبائی اسمبلی میں بیک وقت پہنچے ہیں ان کا تعلق مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سے ہے۔آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور اور ان کے شوہر منور تالپور نے سندھ سے قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑا اور ا ایک ہی وقت میں رکن اسمبلی بننے والے سیاسی جوڑوں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ مسلم لیگ نون کے رہنما ملک پرویز کی شریک حیات شائستہ پرویز اپنے شوہر کے ساتھ رکنِ قومی اسمبلی ہیں۔شائستہ پرویز خواتین کی مخصوص نشست پر کامیاب ہوئیں۔قومی اسمبلی کی طرح پنجاب اسمبلی میں بھی ایک ایسا جوڑا ہے جو بیک وقت رکن اسمبلی ہے۔ رکن پنجاب اسمبلی زعیم قادری کی اہلیہ عظمیٰ قادری پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی پہنچی ہیں۔زعیم قادری کی اہلیہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئیں۔پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور ان کے شوہر آصف علی زرداری بھی ایک ساتھ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم نواز شریف کے خارجہ امور پر معاون خصوصی طارق فاطمی کی اہلیہ بھی خواتین کی مخصوص نشستوں پر رکن قومی اسمبلی ہیں جبکہ ان کے شوہر کا وفاقی کابینہ میں عہدہ وزیر مملکت کے مساوی ہے۔سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی اہلیہ بشریٰ اعتزاز نے گیارہ مئی کے انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکیں۔مسلم لیگ قاف کے سابق صوبائی وزیر عامر سلطان چیمہ تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے ہیں تاہم اس مرتبہ ان کی بیوی ان کے ساتھ مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بننے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔اس سے پہلے2002 ء اور 2008ء میں تنزیلہ چیمہ اپنے شوہر عامر چیمہ کے ساتھ مخصوص نشستوں پر رکن اسمبلی رہ چکی ہیں۔وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کی اہلیہ غزالہ رفیق گزشتہ اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر پنجاب اسمبلی کی رکن بنی تھیں تاہم اس مرتبہ غزالہ رفیق کانام خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے تیار کردہ فہرست میں نہیں تھا۔جہاں ایک ہی وقت میں میاں بیوی کے رکن پارلیمان بننے کی روایت موجود ہے وہیں 2002 ء میں قومی اسمبلی میں دو ایسے ارکان اسمبلی بھی تھے جو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوکر جیون ساتھی بنے۔سابق وفاقی وزیر سردار یار محمد رند نے رکن اسمبلی عائلہ ملک سے شادی کی تاہم بعد ازاں ان کی علیحدگی ہوگئی۔









