counter easy hit

الیکشن کمیشن اراکین مستعفی ہوں، خورشید شاہ کی اسمبلیوں کی مدت چار سال کرنے کی تجویز

Khursheed Shah

Khursheed Shah

اسلام آباد (یس ڈیسک) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان سے استعفے کا مطالبہ کر دیا، اسمبلیوں کی مدت پانچ کے بجائے چار سال کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کی تجویز بھی دیدی۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ارکان ٹربیونلز کے فیصلے 3 ماہ میں بھی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ آٹھ لاکھ روپے تنخواہ کی وجہ سے وہ استعفیٰ نہیں دے رہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت پانچ برس کے بجائے چار برس کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کی جائے۔ حکومتی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مسلم لیگ ن والوں کو جہاں کچھ کرنا چاہئے وہاں کچھ کرتے نہیں جہاں پر کچھ نہیں کرنا چاہئے ، وہاں کچھ نہ کچھ کر دیتے ہیں۔

حکومت اور عمران خان کو سوچنا چاہئے کہ سیاسی کشیدگی سے ملک کو نقصان نہ ہو۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث رہے۔ فیصل آباد کا واقعہ بھی انہیں کے حلقے میں ہوا، وزیراعظم کی ٹیم حالات کو سمجھ نہیں رہی۔