counter easy hit

ایدھی کی تعزیت کیلئے آنیوالوں کا تانتا، خٹک کا فاؤنڈیشن کو اراضی دینے کا اعلان

Edhi condolences

Edhi condolences

وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا عبد الستار ایدھی کے گھر گئے تو تعزیت کرنے تھے مگر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی حکومت کا خوب دُکھڑا رویا۔ قائم علی شاہ اور پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ دونوں کے صوبے حق سے محروم ہیں لیکن وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
کراچی: (یس اُردو) سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ عبد الستار ایدھی کے گھر گئے۔ فیصل ایدھی سے تعزیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے فاتحہ خوانی کی اور پھر باہر آ کر میڈیا سے گفتگو میں قائم علی شاہ نے کہا وفاق سے این ایف سی ایوارڈ کا حصہ نہیں مل رہا لیکن پرویز خٹک جب غصہ کرتے ہیں تو انہیں حصہ مل جاتا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وفاق روزانہ انکے صوبے کی بجلی چوری کرتا ہے، سندھ کو آئین کے مطابق حصہ ملنا چاہئے۔ پرویز خٹک نے کالا باغ ڈیم کو شوشا قرار دیدیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اپنے حق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے۔اس سے قبل خیبر پختوانخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے عبد الستار ایدھی کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ پرویز خٹک کہتے ہیں کہ ایدھی صاحب کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عبد الستار ایدھی کا مشن جاری رکھے گی، کے پی حکومت ایدھی فاؤنڈیشن کو مفت زمین بھی دے گی اور صوبے میں عبدالستار ایدھی کے نام سے ایک یونیورسٹی کو بھی منسوب کیا جائے گا۔ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری نے بھی عبدالستار ایدھی کے مزار پر حاضری دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایئر وائس مارشل سلمان احسن بخاری کا کہنا تھا کہ عبدالستار ایدھی قوم کا فخر تھے، قوم عبدالستار ایدھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل سے نکالے گی۔علاوہ ازیں خورشید شاہ، فاروق ستار اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے بھی ایدھی ہوم آ کر ایدھی صاحب کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بھی ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کراچی کے ہاکی کلب کا نام بدل کر عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم رکھ دیا ہے۔