counter easy hit

ڈبلن ٹیسٹ: پاکستان نے اسکواڈ کو حتمی شکل دیدی

ڈبلن: پاکستان نے ڈبلن ٹیسٹ کے اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی کپتان سرفراز احمد نے عندیہ دیا کہ نارتھمپٹن شائر سے میچ کے فاتح اسکواڈ کو برقرار رکھا جائے گا۔

Dublin test: Pakistan finalize squadتفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے کہاکہ نارتھمپٹن شائر کے خلاف 11کھلاڑیوں کا انتخاب اسی سوچ کے ساتھ کیا گیا کہ آئر لینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں یہی ٹیم میدان میں اتاریں گے،اب جیت کے بعد قوی امکان ہے کہ ٹیسٹ کے لیے ہماری پلیئنگ الیون وہی ہوگی۔

کپتان کے اعلان سے واضح ہوتا ہے کہ اظہر علی کے  ساتھ  امام الحق اننگز کا آغاز کریں گے،محمد عامر کے حوالے سے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ کی3اننگز میں فاسٹ بولرکی جانب سے صرف ایک وکٹ حاصل کرنا یقیناً تشویش کی بات ہے، البتہ خوشی اس بات کی ہے کہ ٹیسٹ سے قبل وکٹ نہ ملنے سے عامر کی بھوک بڑھ گئی ہے،وہ اب پوری توانائی کے ساتھ بولنگ کرنے کیلیے دستیاب ہوں گے۔

اظہر علی 2ٹور میچز کی3اننگز میں محض 34رنز بنا سکے ہیں،ان کے بارے میں کپتان نے کہا کہ اظہر ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین ہیں، ان کی ماضی میں شاندار کارکردگی ٹیم کے کام آتی رہی،انھیں 1،2 اننگز میں ناکامی سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سرفرازاحمد نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دوسرے ٹور میچ میں 10 وکٹیں لینے والے شاداب خان کی کارکردگی قابل ستائش ہے لیکن انھیں یاسر شاہ کی جگہ لینے میں ابھی وقت لگے گا،یاسر ایک تجربہ کار اور ماہر بولر ہیں۔

جس کا ثبوت ٹیسٹ کر کٹ میں ان کی کارکردگی میں تسلسل ہے۔انھوں نے کہا کہ نارتھمپٹن شائر کیخلاف اسد شفیق نے میچ کی صورتحال کے مطابق ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیٹنگ کو سہارا دیا،تجربہ کار بیٹسمین کے ساتھ حارث سہیل اور بابر اعظم کی اچھی فارم مڈل آرڈر کے استحکام کیلیے ضروری ہوگی۔

سرفراز  احمد نے آئرلینڈ کو کمزور حریف قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میزبان کرکٹرز اپنی کنڈیشنز میں بہترین کھیل پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،اپنی تاریخ کا اولین ٹیسٹ یادگار بنانے کیلیے وہ پوری جان لڑا دیںگے،فتح کیلیے پاکستان کو کسی سہل پسندی کا شکار ہوئے بغیر بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

پاکستانی ٹیم کومیزبان کے ساتھ سخت کنڈیشنز سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا

پہلے ٹیسٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کو نہ صرف میزبان بلکہ سخت کنڈیشنز سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا،موسم کی پیشگوئی کے مطابق میچ کے پہلے روز وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے،درجہ حرارت بھی 11 درجے سینٹی گریڈ سے اوپر نہیں جائے گا،ہفتے کو بھی ہلکی بارش لیکن دھوپ نکلتی رہے گی،اتوار کو صبح کے وقت رم جھم جبکہ اگلے 2روز مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہوئی ہے۔