counter easy hit

عوامی احتجاج میں ڈونلڈ ٹرمپ آج حلف اٹھائیں گے

جشن کی تقریبات، شدید سیاسی اختلافات، عوامی احتجاج اور سیکورٹی کے سخت انتظامات کے ہجوم میں 45؍ویں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حلف برداری کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

ماضی کے مقابلے میں یہ تقریب کئی لحاظ سے مختلف ہوگی کیونکہ عوامی ا ور سرکاری سطح پر اتفاق رائے سے خوشی خوشی منائے جانے والی اس تقریب کا بائیکاٹ کرنے والوں میں کئی ار اکین کانگریس اور وہ ممتاز شخصیات اور امریکی فنکار بھی شامل ہیں جنہیں حلف برداری کے جشن میں پرفارمنس کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔

حلف برداری کی تقریب کیلئے مختلف ریاستوں سے ڈونالڈ ٹرمپ کے بڑی تعداد میں حامی سفر کرکے واشنگٹن آئے ہیں لیکن کئی ہزار خواتین مرد احتجاجی مظاہروں کیلئے بھی تیاریاں کرچکے ہیں۔

پروگرام کے مطابق واشنگٹن کے مقامی وقت کے مطابق 20؍ جنوری کو دوپہر بارہ بجے حلف برداری کی تقریب کا آغاز ہوگا اور آدھ گھنٹہ کی کارروائی کے بعد تقریب ختم ہوجائے گی جبکہ صبح ساڑھے نو بجے سے بارہ بجے تک تقریب کی دیگر کارروائی بھی جاری رہے گی۔

صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس کے حلف اور صدارتی تقریر کے بعد سہ پہر کو روایت کے مطابق پریڈ ہوگی اور پھر رات کو سرکاری طور پر تین تقریبات میں جشن منایا جائے گا جنہیں فریڈبال، لبرٹی بال اور آرمڈ سروسز کو سلوٹ کانام دیاگیا ہے۔

ہفتہ 21؍ جنوری کو واشنگٹن کے نیشنل کتھڈال میں مختلف عقائد کی دعائیہ تقریب منعقد ہوگی جہاں پبلک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

ڈونالڈ ٹرمپ کی صدارت کے خلاف شہری آزادیوں، حقوق نسواں اوردیگر تنظیمیں بہت بڑی تعداد میں احتجاجی مظاہروں کا پروگرام بھی مرتب کرچکی ہیں۔

اس طرح ری پبلکن صدر ڈونالڈ ٹرمپ داخلی امور، امریکی سیاست اور اپنے ٹوئٹر پیغامات کے ذریعے پیدا کردہ تنازعات کے ایک ہجوم میں اپنے عہدہ صدارت کا حلف اٹھائیں گے۔

تقریب حلف وفاداری سے بھی ایک روز قبل ہی واشنگٹن میں کاروں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے اور سیکورٹی کے مثالی انتظامات کرلئے گئے ہیں جبکہ اس سیکورٹی صورتحال کی وجہ سے دفاتر اور کاروباری ادارے 19؍ جنوری کو بھی جلد بند کردیئے گئے تھے۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website