counter easy hit

جرائم کی روک تھام، سعودی عرب سے جلد معاہدہ ہو گا، چوہدری نثار

Nisar Ali Khan

Nisar Ali Khan

اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسمگلنگ سمیت دیگر اہم جرائم کو روکنے کیلئے جلد ہی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے سعودی عرب کے قائم مقام سفیر جاسم الخلیدی سے پنجاب ہائوس میں ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تاریخ کے اوراق اور وقت گواہ ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب بہت ہی اچھے برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں۔

موجودہ حکومت ان تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کیلئے پر عزم ہے ،سعودی عرب ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی حکومت، شاہی خاندان اور سعودیہ کے عوام کیلئے بہت نیک خواہشات رکھتے ہیں۔

سعودی قائم مقام سفیر نے وفاقی وزیر کے خیالات پر شکریہ ادا کیا اورسعودی حکومت کی طرف سے مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہے ۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے شاہی خاندان کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔