counter easy hit

ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کا ذمہ دار کون؟

Accident

Accident

تحریر : ایم ایم علی
ہمارے ملک میں دن بدن ٹریفک حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ،ان حادثات سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو رہا ہے ۔ایک لمحہ فکریہ بھی ہے کہ ملک کی بڑی اور اہم شاہراہوں پر ٹر یفک حادثوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ گذشتہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کراچی سے شکار پور جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس کو آگ لگ گئی اور چند لمحوں میں آگ نے پوری بس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور خواتین اور بچوں سمیت تقریباً65 افراد لقمہ اجل بن گئے جس میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد بھی شامل تھے ۔تقریباً تما م افراد کی موت آگ کے باعث جھلس جانے سے واقع ہوئی ان مسافروں کے جسم اس قدر جل چکے تھے کہ ان کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی ،ان کی شناخت کیلئے ڈی این اے ٹیسٹ کرانے کے بعد ان کی لاشیں ان کے لواحقین کے سپرد کی جائیں گی، یہ حادثہ آئل ٹینکر کے ڈرئیور کی طرف سے غلط اور ٹیک کرنے کے نتیجے میں پیش آیا ۔اس کے علاوہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ متاثرہ بس اپنے روٹ سے ہٹ کر دوسرے روٹ پر چل رہی تھی اور اس کا روٹ پرمٹ بھی ختم ہو چکا تھا۔

اسی طرح کا ایک اور افسوسناک حادثہ اوتھل میں پیش آیا جہاں باراتیوں کی وین الٹ گئی جس میں چار بچوں سمیت 12افراد جاں بحق ہوئے یہ واقعہ تیز رفتاری کے باعث ویگن کا ٹائی راڈ ٹوٹنے اور ٹائر برسٹ ہونے کے باعث پیش آیا۔قارئین کرام! جب تک حضرت انسان نے ترقی کی منازل طے نہیں کی تھی تب تک انسان پیدل، گھوڑوں ،خچروں اوربیل گاڑیوں پر سفر کرتا تھااس کا یہ سفر طویل اور پُر خطر ہوتا ،کئی کئی دن کی مسافت کے بعد اپنی منزل مقصود پر پہنچتا اس وقت انسان کو مختلف سفری مشکلات چور ،ڈاکو ،اور اس کے علاوہ خون خوار درندوں کا سامنا کرنا پڑتا ۔لیکن پھر جیسے جیسے حضرت انسان نے ترقی کی منازل طے کئی تو وقت کے ساتھ ساتھ اس کا انداز سفر بھی بدل گیا اور حضرت انسان کے سفر میں جدت آتی گئی، گھوڑوں ،خچروں اور اونٹوں کی جگہ موٹر سائیکلز، کاروں،بسوں،ٹرینوںاور ہوائی جہاز وں نے لے لی۔ انسان کی سفر ی سہو لیات میں اضافہ ہوتا چلا گیا بڑی بڑی سڑکیں بن گئیں اور سفر پہلے کی نسبت آسان،تیزاور محفوظ ہوگیا۔

لیکن ہمارے ملک میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے حاد ثات اس جدید دور میں بھی مسافروں کیلئے محفوظ سفر پر سوالیہ نشان ہیں ۔ہمارے ملک میں آئے روز ٹریفک حادثوں میں قیمتی جانوں کا ضیاع معمول بنتا جارہا ہے ہمارے ملک میں اب تک سینکڑوں ٹریفک حادثوں ہزروں لوگ اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں ۔اور ان حادثات میں 90 فیصد سے زائد حادثات میں حضرت انسان کی اپنی ہی غلطیاں شامل ہوتی ہیں اس میں حکومتوں کے علاوہ ہم عوام بھی شامل ہیں۔ قارئین! اگر ہم ہمارے ملک میں ہونے والے ٹریفک حاد ثوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات پر نظر ڈالیں تو ہمیں با آسانی پتہ چل جائے گا کہ وہ ایسی کون سی وجوہات ہیں جن کی بنا پر ٹریفک حادثات میں دن بدن اضافہ ہو تا چلا جا رہا ہے اور ان کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔

ان میں سے ایک وجہ تو یہ ہے کہ ملک میں جس تیزی سے آبادی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اسی تیزی سے سڑکوں پر ٹریفک میں بھی اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ،لیکن نہ تو اس تیزی سے نئی سڑکیں بنائی جارہی ہیں اور نہ ہی سڑکوں کو کشادہ کیا جارہا ہے، دوسر ی بڑی وجہ یہ کہ ہمارے ملک میں ٹریفک قونین تو موجود لیکن ان پر عمل نہ ہونے کہ برابر ہے ۔اور اس کی ذمے دار ی قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھی ہے اور ایسے لوگوں پر بھی جو ٹریفک قوانین کو نظر انداز کرکے نہ صرف اپنی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ دوسروں کیلئے بھی پریشانی اور مصیبت کا باعث بنتے ہیں ۔اسی طرح ڈرئیونگ لائسنس جاری کرنے والے اداروں پر بھی اسکی ذمے داری عائد ہوتی ہے کیونکہ ڈرئیونگ لائسنس جاری کرنے کیلئے ضروری کاروائی عمل میں نہیں لائی جاتی بلکہ بعض لوگ تو کسی اہلکار کی مٹھی گرم کر کے بغیر ٹیسٹ دیے ہی لائسنس حاصل کر لیتے ہیں ۔اس کے علاوہ ایک بڑی وجہ حد سے زیادہ تیز رفتاری جو اکثرو بیشتر کسی بڑے سانحے کا سبسب بنتی ہے ،ایسے لوگ نہ صرف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالتے ہیں بلکہ سڑک پر چلنے والے دوسرے لو گوں کی جان بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔

اس کے علاوہ ناقص ٹائروں اور گاڑیوں میں نصب ناقص گیس سلنڈر وں کا استعمال بھی ٹریفک حادثوں میں اضافے کی اہم وجوہات ہیں ۔اگر یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہو گاکہ گاڑیوں ،بسوں میں نصب غیر معیاری سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں ۔صرف چند روپے بچانے کیلئے مسافروں کی قیمتی جانوں کو دائو پے لگا دیا جاتا ہے ،صرف چند لمحوں کی جلدی کیلئے کئی قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا جاتا ہے ۔صرف چند لوگوں کی لاپروائی اور غفلت کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں لقمہ اجل بن جاتی ہیں ۔اور حکومتیں زبانی جمع خرچ کے علاوہ کچھ بھی نہیں کرتیں وہی راویتی نوٹس اور لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان اور بس حکومتی ذمہ داری پوری۔

قارئین کرام! ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات میںکمی کو کافی حد تک یقینی بنایا جاسکتا ہے لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ بطور شہری،بطور ڈرئیور اور بطور مسافر ہم پر جو ذمہ داریاں لاگوں ہوتی ہیں ان کو ہم احسن طریقے سے نبھائیں ۔اور دوران ڈرئیونگ ہم کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کریں جو ہمارے اردگرد چلنے والے چاہے وہ پیدل ہوں یا کسی سواری پر سوار ہوں کیلئے کسی حادثے کا سبب بنے ۔اس کے علاوہ حکومتوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ حادثے کے بعد صرف واقعہ کا نوٹس لینے اور لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان کر کے اپنا فرض پورا کر دینے کی بجائے حقیقی معنوں میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے۔

Mohammad Ali

Mohammad Ali

تحریر : ایم ایم علی