counter easy hit

ملک میں نا اتفاقی پیدا کرنے والے طالبان اور دہشت گردی کے حمایتی ہیں، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (یس ڈیسک) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آرمی ایکٹ اور 21 ویں آئینی ترمیم منظور ہونے سے ثابت ہو گیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ہے اور گزشتہ 10 سال سے جس خطرے سے نمٹنے کی بات کی آج اس کی تمام جماعتوں نے تائید کردی ہے جب کہ ملک میں نا اتفاقی پیدا کرنے والے طالبان اور دہشت گردی کے حمایتی ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سینیٹ اور قومی اسمبلی میں آرمی ایکٹ اور 21 ویں آئینی ترامیم کے بل منظور ہونے پر سیاسی جماعتوں اور مسلح افواج کے سربراہان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بل کی منظوری میں ہزاروں پاکستانیوں کا خون شامل ہے اور اس کی منظوری پر سانحہ پشاور میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ بل کی منظوری سے پاکستان ترقی اور استحکام کی نئی منزل کی جانب گامزن ہوگا جب کہ دونوں ایوانوں سے بل کی منظوری سے ثابت ہوگیا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال سے خطرے سے نمٹنے کی بات کی اس کی آج تمام جماعتوں نے تائید کردی ہے، آج تمام سیاسی جماعتوں نے دہشت گردوں سے ملک کو پاک کرنے کے لیے ایک صفحے پر جمع ہوکر مثبت روایت رکھ دی ہے کیونکہ ملک کو اس وقت دہشت گردی کے خلاف اتفاق رائے کی ضرورت تھی اور ملک میں نا اتفاقی پیدا کرنے والے طالبان اور دہشت گردی کے حمایتی ہیں۔