counter easy hit

این اے دو سو چھیالیس میں ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا : بابر یعقوب

Babar Yaqoob

Babar Yaqoob

کراچی (جیوڈیسک) سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے ہدایت کی ہے کہ این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کیا جائے ، آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو چھیالیس کراچی کے ضمنی الیکشن کیلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے ، الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر میں سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری سندھ ، آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ، ڈی جی رینجرز کے نمائندے اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں امن وامان کی صورتحال اور انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ پر غور کیا گیا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے شرکا کو ہدایت کی کہ این اے 246 کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل ہونا چاہیئے ۔ پولنگ کا عملہ اور انتخابی سامان بر وقت پولنگ سٹیشنز پر پہنچایا جائے ، اجلاس میں ڈی جی رینجرز کے نمائندے نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں جو ٹاسک دیا گیا ہے اس کو مکمل کریں گے ۔ پولنگ کےتمام عمل کی مانیٹرنگ بھی کریں گے ، اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی غلام حیدر جمالی نے کہا کہ این اے 246 کے تمام پولنگ سٹیشنز حساس ہیں ۔ الیکشن کے لیے لائحہ عمل تیار کر لیا گیا ہے ، شہر بھر میں چار ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے ، این اے 246 میں تین ہزار اہلکار تعینات کئے جائیں گے ۔ انشا اللہ الیکشن پر امن ہوگا ، این اے 246 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ 23 اپریل کو ہوگی ۔