counter easy hit

ٹرمپ کی ضرورت نہیں، لداخ پر چین نے امریکہ کو دوررہنے کا مشورہ دیدیا

اسلام آباد(یس اردو نیوز) چین نے لداخ کے معامعلے پر تیسرے فریق کی مداخلت غیر ضروری قرار دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی ۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجان نے کہا کہ چین اور بھارت مذاکرات اور آپسی صلاح و مشورے سے اس مسئلے کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا، ”چین اور بھارت کے درمیان سرحد سے متعلق ایک میکنزم اور رابطے کا چینل پہلے سے موجود ہے۔ ہم اسے بات چیت کے ذریعے آپس میں مناسب طریقے سے حل کرنے قابل ہیں۔ ہمیں اس میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔”خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اورچین کے درمیان حقیقی کنٹرول لائن پر حالات کو کشیدہ قراردیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی اورکہا تھا کہ وہ اسے پر امن طریقے سے حل کرانے کے لیے نہ صرف ثالث بننے کو تیار ہیں بلکہ اس کی خواہش اور صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔ اس سے قبل بھارت نے بھی صدر ٹرمپ کی پیش کش کو بالواسطہ طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی اس مسئلے کو پرامن طریقے پر حل کرنے کے لیے بیجنگ کے ساتھ بات چیت کررہا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستوا نے گزشتہ روز اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ بھارت چین کے ساتھ سفارتی سطح پر بات چیت میں پہلے ہی سے مصروف ہے۔

دریں اثنا بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے چین کے ساتھ سرحدی تنازع پر مودی حکومت کی خاموشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پر موجودہ حالات کے بارے میں سبھی کو آگاہ رکھنے کی ضرورت ہے اور صورتحال کو راز میں رکھنے سے قیاس آرائیوں کو مزید ہوا ملے گی۔پارٹی کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس سے متعلق حقائق عوام کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے لکھا، ”بحران کے دور میں چین کے ساتھ سرحد کے حالات کے بارے میں حکومت کی خاموشی وسیع پیمانے پر قیاس آرائیوں کو پنپنے کا موقع دے رہی ہے۔ بھارتی حکومت کو اس پر اپنا موقف واضح کرتے ہوئے عوام کو یہ بتانا چاہیے کہ حقیقت میں ہو کیا رہا ہے۔”

اس تنازعہ پر بھارتی وزارت خارجہ اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں بعض سوالات کے جوابات دیتا رہا ہے تاہم حکومت یا پھر اعلی قیادت کی جانب سے اب تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ اس تنازع سے متعلق بھارتی ذرائع ابلاغ میں بھی ہر روز ‘نامعلوم ذرائع’ کے حوالے سے بہت سی خبریں سہ سرخیوں میں رہتی ہیں اور ٹی وی پر بحثیں بھی ہوتی ہیں۔ لیکن حکومت بالکل خاموش ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ حکومت نے سفارت کاری کے ذریعے اس مسئلے کو حل کرنے کی اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ تقریبا ًتین ہفتوں سے بھارت اور چین کی فوجیں شمال مشرقی ریاست سکّم اور لداخ کے سرحدی علاقوں پر آمنے سامنے کھڑی ہیں۔ ان علاقوں میں دونوں جانب سے فوجیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ہاتھا پائی جیسے بعض واقعات میں دونوں جانب کے فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام کوششوں کے باوجود اب تک کشیدگی میں کمی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website