counter easy hit

فواد عالم کے عدم انتخاب پر چیف سلیکٹر جواز تراشنے لگے

کراچی: چیف سلیکٹر انضمام الحق فواد عالم کے عدم انتخاب پر جواز تراشنے لگے۔

Chief selectors have started issuing licenses on non selection of Fawad Alamفواد عالم کو ایک بار پھر نظر انداز کیے جانے پر سلیکشن کمیٹی اور خاص طور پر چیف سلیکٹر انضمام الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، انھوں نے اس حوالے سے ویب سائٹ ’’کرک انفو‘‘ سے بات چیت میں کہا کہ مجھے گذشتہ تین برس کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں فواد عالم سے کہیں زیادہ بہتر کرکٹرز دکھائی دیے، وہ ایک غیرمعمولی کھلاڑی ہیں لیکن کئی پلیئرز فہرست میں ان سے اوپر ہیں۔ ہم نے فواد کو یہاں نیٹس میں بلایا مگر سعد علی کو ان سے بہتر پایا۔

انضمام نے کہا کہ میں اب تک 12 سے 14 کھلاڑیوں کو موقع دے چکا اور کسی نے بھی ہمیں مایوس نہیں کیا، کسی پلیئر کو ڈراپ کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم اسے نظر انداز کررہے ہیں، پلیئرز کو اسکورکارڈز اور اعدادوشمار کی بنیاد پر منتخب کرنا آسان لیکن ہمیں بہت سی دوسری چیزوں کو بھی زیر غور لانا پڑتا ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ میں کچھ بھی فواد عالم سے چھین نہیں رہا، انھوں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت سے رنز اچھی ایوریج سے بنائے مگر جب مقابلہ ہوتا ہے تو کچھ کھلاڑی باہر رہ جاتے ہیں۔ اس کا مطلب ہرگز نہیں کہ ان کا کیریئر ختم ہوگیا ہے، ہم نے ان لوگوں کو موقع دیا جن کے بارے میں سمجھتے ہیں کہ وہ انگلش کنڈیشنز میں اچھا کھیل سکتے ہیں۔

انضمام الحق نے بتایا کہ گزشتہ سیزن میں قائداعظم ٹرافی کے دوران بولنگ کنڈیشنز تھیں مگر سعد علی نے غیرمعمولی پرفارمنس دی اسی لیے ان کو موقع دیا گیا، میں نے کئی بھی بار فواد سے بات کی اور ان کو اعتماد دیا کہ وہ سخت محنت کا سلسلہ جاری رکھیں۔

اپنے بھتیجے امام الحق کے انتخاب سے متعلق انضمام نے کہاکہ وہ ایک سخت فیصلہ تھا مگر میں نے نہیں کیا، دراصل ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور دوسرے سلیکٹرز نے انھیں منتخب کرنے کا فیصلہ کیا،اگرچہ میں مشاورتی گروپ کا حصہ تھا لیکن میں نے اس معاملے میں کوئی بھی بات نہیں کی، کوچز اور ٹرینر کی رپورٹ ہے کہ امام کی صلاحیت اور فٹنس میں بہتری آرہی ہے، ویسے بھی میرے چیف سلیکٹر بننے سے قبل ہی امام سسٹم میں موجود تھا، اس لیے اس کے مجھ سے تعلق کو زیر بحث نہیں لانا چاہیے۔