counter easy hit

چیئرمین نیب کو این آئی سی ایل کیس میں ملزم بنانیکی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Chairman of the National

Chairman of the National

کراچی کی احتساب عدالت نے چیئرمین نیب چودھری قمر الزمان کو این آئی سی ایل اسکینڈل کیس میں ملزم بنانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، درخواست پر فیصلہ 17 مارچ کو سنایا جائے گا۔
کراچی: (یس اُردو) احتساب عدالت کی جج منور سلطانہ کے رو برو زیر سماعت کے دوران این آئی سی ایل اسکینڈل کیس کے ملزموں امین قاسم دادا، ظہور احمد اور دیگر نے درخواست دائر کی ہے کہ چوہدری قمر الزماں کو بھی ملزم بنایا جائے۔ ملزموں کے وکیل نثار تارڑ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں جو زمین خریدنے کا مقدمہ ملزموں پر قائم کیا گیا ہے وہ زمین این آئی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اجازت سے خریدی گئی تھی جبکہ نیب کے موجودہ چیئرمین چوہدری قمر الزمان اس بورڈ کے ممبر تھے۔ لہٰذا چودھری قمر الزماں کو بھی ملزم بنایا جائے۔نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سید امجد شاہ نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نیب کورٹ چیئرمین نیب کو ملزم نامزد نہیں کر سکتی۔ ملزموں کے خلاف ریفرنس بنانے کی منظوری چیئرمین نیب دیتے ہیں یہ درخواست قابل سماعت نہیں ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست مسترد کر دی جائے۔ عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر 17 مارچ تک کیلئے فیصلہ محفوظ کر لیا جبکہ عدالت سے بار بار غیر حاضر رہنے والے این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو آئندہ سماعت پر اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے