قومی احتساب بیورو(نیب ) کے چیئرمین نے حدیبیہ کیس میں اپیل دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔پراسیکیوٹر جنرل نیب نے سپریم کورٹ سے کہا کہ ایک ہفتے میں اپیل دائر کرانے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے شیخ رشید کو ہدایت کی کہ آپ الزامات نہ لگائیں۔ اس موقع پر پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہا کہ شیخ رشید نے مجھے بھی اپنی درخواست میں نہیں بخشا، ایک ہفتے میں حدیبیہ پیپرز ملز کیس سے متعلق اپیل دائر کرانے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔ عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل نیب کی یقین دہانی پر شیخ رشید کی حدیبیہ پیپرز کیس سے متعلق اپیل نمٹا دی۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر حدیبیہ پیپر ملز کیس پر نیب نے اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بعد ازاں نیب نے فیصلہ کیا کہ کیس سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ مانیٹرنگ جج کی ہدایت پر ہوا۔








