counter easy hit

چیئرمین کشمیر کونسل یورپ نجی دورے پر پاکستان پہنچ گئے، یورپ میں ہماری دستخطی مہم کامیاب رہی، علی رضا سید

Ali Raza Syed

Ali Raza Syed

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید وسطی یورپ کے تین ملکوں ہنگری، سلواکیہ اور آسٹریا میں کشمیرپر دستخطی مہم کے انعقاد کے بعد اب نجی دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد پہنچنے پر انھوں نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کشمیرکونسل ای یو کی وسطی یورپ میں دستخطی مہم کافی کامیاب رہی ہے اور اس دوران متعدد لوگوں نے دستخط کرکے کشمیریوں کے حقوق کی حمایت کا اعلان کیا۔

یہ تین روزہ مہم کشمیرکونسل یورپ (ای یو) کی ایک ملین دستخطی مہم کا حصہ ہے جو ایک عرصے سے یورپ میں جاری ہے اور ابتک بڑی تعدادمیں یورپی باشندوں سے کشمیریوں کے حق میں اوران کے حقوق کی پامالی کے خلاف دستخط لئے جاچکے ہیں۔علی رضاسید نے بتایاکہ ان کی مہم کا مقصد کشمیریوں کے حقوق کیلئے حمایت حاصل کرنااوران کے خلاف مظالم کے حوالے سے دنیاکو آگاہ کرناہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل یورپ پاکستان اورآزادکشمیرمیں اپنے قیام کے دوران اپنے دوست و احباب سے ملاقاتیں کریں گے۔

علی رضاسیدنے کہاکہ دستخطی مہم اس وقت تک یورپ میں جاری رہے گی جب تک ایک ملین دستخط جمع نہیں ہوجاتے۔ انھوں نے بتایاکہ اگرچہ یہ ایک دشوار، محنت طلب اور صبرآزما کام ہے لیکن ان کی ٹیم میں شامل دوست، احباب اور رضاکاربڑی ہمت اورحوصلے سے کام لے رہے ہیں۔

اس ٹیم ہی کی کوشش اورخلوص کی بدولت اس جدوجہدکے راستے میں موجود تمام روکاوٹیں اورمشکلات دورہوجاتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ اپنی اس ٹیم پر فخر کرتے ہیں جویورپ میں ہمہ وقت مسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے میں کوشاں رہتی ہے۔ انھوں نے میڈیا کا بھی شکریہ اداکیاجس نے ہمیشہ یورپ میں مسئلہ کشمیرکے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگرام اور تقاریب کو ہمیشہ نمایاں اوربھرپورکوریج دی۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ جب تک مقبوضہ کشمیرکے عوام پر مظالم بند نہیں ہوتے اورمظلوم کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت نہیں مل جاتا، ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔