میڈرڈ: اسپین کی نیم خودمختار ریاست کاتالونیا کے رہنما کارلس پوئیمونٹ نے کہا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران کاتالونیا کی آزادی کا اعلان کردیں گے۔

دوسری جانب اسپین کے بادشاہ نے کاتالونیا میں آزادی کے ریفرنڈم کو ملکی وحدت کے لیے خطرناک اور ریاست کے لیے بے عزتی قرار دیا ہے۔ بادشاہ نے کہا کہ ریفرنڈم کا انعقاد کروانے والوں نے قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو چیلنج کیا ہے۔ واضح رہے کہ کاتالونیا اسپین کا شمال مشرقی حصہ ہے جسے نیم خودمختار ریاست کی حیثیت حاصل ہے یہاں کی کل آبادی 75 لاکھ ہے اور نسبتاً یہ علاقہ اسپین کے دیگر شہروں سے زیادہ خوشحال ہے۔ اسپین کی حکومت اور سپریم کورٹ نے اس استصواب رائے کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد ہسپانوی پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ریفرنڈم کو روکنے کی بھرپور کوشش کی اور پولنگ اسٹیشنز کو بند کرکے وہاں موجود ووٹرز کو منشتر کرنے کے لیے ان پر ربڑ کی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 900 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔








