counter easy hit

کلمت؛ مینگرووز جنگلات کی جنت

کلمت مکران کے ساحلی شہر پسنی سے 60 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع چھوٹے چھوٹے دیہاتوں پر مشتمل ایک ساحلی علاقہ ہے جو مکران کوسٹل ہائی وے کے کنارے واقع ہے۔ ہر گاؤں کےلیے کچے اور پکے لنک روڈ بنائے گئے ہیں جو اس تاریخی علاقے کو کوسٹل ہائی وے سے ملاتے ہیں۔ ماضی میں یہ علاقہ ایک تجارتی گیٹ وے تھا جس کا تاریخ میں ذکر سولہویں صدی عیسوی کے حمل جہیند اور پرتگیزیوں کے درمیان جنگ میں ملتا ہے کہ جب پرتگیزی یہاں لوٹ مار کےلیے آئے تو ان کا مقابلہ علاقے کے نوجوان، بہادر اور نڈر لوگوں سے ہوا۔

جدید دور میں کلمت ’’سی فوڈ‘‘ کی پیداوار کے حوالے سے مشہور ہے۔ کلمت، مکران کے ان ساحلی علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کی آبادی کی اکثریت کا ذریعہ معاش سمندر سے وابستہ ہے۔ کلمت کئی چھوٹی چھوٹی ساحلی بستیوں پر مشتمل ہے اور ہر بستی میں مینگروو کے گھنے جنگلات موجود ہیں۔ علاوہ ازیں جھینگے اور سفید پاپلیٹ کی افزائش کے حوالے سے یہ بلوچستان کا سب سے اہم اور زرخیز ساحلی علاقہ بھی ہے۔

کلمت کے مختلف گاؤں کے مکینوں کے مطابق مینگروو کے درخت انہوں نے خود لگائے ہیں اور ان کی حفاظت بھی وہ خود کرتے ہیں۔ علاقے کے لوگ کم تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود مینگروو کے جنگلات کی اہمیت اور افادیت سے کسی ماہر حیاتیات کی طرح واقف ہیں۔ 

کلمت چنڈی میں مچھلیوں کے کاروبار سے وابستہ قرار بلوچ نے کلمت میں مینگروو کے حوالے سے تصدیق کی کہ مینگروو کے یہ جنگلات علاقے کے لوگوں نے خود لگائے ہیں جبکہ ان کی دیکھ بھال بھی وہ خود ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج سے 38 سال پہلے چنڈی کلمت میں مینگروو کا ایک پودا لگایا گیا جو بڑھتے بڑھتے آج مینگروو کے جنگلات کی شکل اختیار کرچکا ہے؛ اور یہ جنگلات کلمت ہور، چنڈی ہور میں ایک خوبصورت منظر پیش کرتے ہیں۔

ماہرین، مینگروو جنگلات کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ مینگروو کے جنگلات نہ صرف سمندری طوفان روکنے میں معاون ہوتے ہیں بلکہ جھینگے اور دیگر سی فوڈ کی پیدوار بڑھانے میں بھی مددگار ہیں۔ کلمت کے ایک شاعر علی ارمان کہتے ہیں کہ اونٹوں کو مینگروو کے درخت چرنے سے بچانے کےلیے ہم نے خود اقدامات کئے ہیں کیونکہ ان سے سمندری غذا (سی فوڈ) کی پیدوار میں اضافہ ہوگا اور ہمارا ذریعہ معاش اسی سمندر سے منسلک ہے۔

کلمت کے علاقے ”چنڈی“ میں مقامی لوگوں نے مینگروو کے جنگلات کی تحفظ کےلیے ان درختوں کو ایک وسیع باڑ لگا کر اندر بند کررکھا ہے اور یہ جنگلات دور سے کسی سرسبز کھیت کی مانند نظر آتے ہیں۔ چنڈی کے ساحل کے قریب بھی مینگروو کے جنگلات موجود ہیں۔ کلمت کے علاقوں میں دیگر ساحلی علاقوں کی نسبت مینگروو کے جنگلات زیادہ اور گھنے ہیں اور مینگروو کے درخت زیادہ لمبے بھی ہیں جہاں ان کی نشوونما بہتر ہورہی ہے کیونکہ یہاں کا قدرتی ماحول، مینگروو کےلیے انتہائی سازگار ہے۔