counter easy hit

بہار اردو اکیڈمی ہر ضلع میں صحافتی ورک شاپ انجام دے گی۔ مشتاق احمد نوری

Bihar Urdu Academy Meeting

Bihar Urdu Academy Meeting

پٹنہ (کامران غنی) بہار اردو اکیڈمی میں صحافتی ذیلی کمیٹی کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا، جس میں صحافت کے ہمہ جہت فروغ کے تعلق سے کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ اس میٹنگ میں یہ طے پایا کہ بہار کی صحافت کو مزید دھاردار بنانے کے لئے متعدد صحافتی ورک شاپ کئے جائیں گے اور صحافت پر سمینار اور مذاکرے کا بھی انعقاد ہو گا، جس میں ہندوستان کی مختلف زبانوں کے صحافیوں کو مدعو کیا جائے گا۔

اکادمی کے نائب صدر جناب سلطان اختر کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میںجناب سید احمد قادری،جناب افروز عالم، پی آئی بی، پٹنہ، جناب ریاض عظیم آبادی، جناب اشرف استھانوی ، جناب احمد جاوید (ایڈیٹر اروزنامہ انقلاب )، جناب سید شہباز عالم (ایڈیٹر راشٹریہ سہارا، اردو)، جناب فیضان احمد، ڈاکٹر ریحان غنی، پندار،جناب عبدالواحد رحمانی، راشٹریہ سہارا،جناب محفوظ عالم، ای ٹی وی، اردو،جناب سیدمحمد خالد رشید، کشمکش ٹی وی، جناب محمد اکرم، اے ٹی این اردو، جناب خورشید ہاشمی، انقلاب، جناب سید راشد احمد ، قومی تنظیم، جناب ایم علی ظفر فاروقی(ایڈیٹر فاروقی تنظیم)، ڈاکٹر نسیم اختر، جناب محمد راشد احمد(ایڈیٹر سنگم)، جناب محمد مشتاق آزاد، فوٹو جرنلسٹ، جناب کامران غنی(اردو نیٹ، جاپان) جناب محمد آفاق عالم ،امین، مظفرپور شامل ہوئے۔

اس میٹنگ میں متفقہ طورپر یہ فیصلہ کیاگیا کہ اردو صحافت پر اردو اکادمی میں صحافتی تربیتی پروگرام کرایا جائے گا، جس میں مختلف اخباروں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ سکریٹری اکادمی مشتاق احمد نوری نے بتایا کہ یہ پروگرام ہر دومہینہ پر کرایا جائے گا تاکہ سبھی اخبار کے صحافی اس میں شامل ہوسکیں۔ اس تربیتی پروگرام میں پاور پوائنٹ پروجکشن (Powerpoint Projection) کے ذریعہ بھی تربیت دی جائے گی اور جو صحافی کمپیوٹر سے نابلد ہیں انہیں بھی اردو اکادمی بغیر کسی معاوضہ کے کمپیوٹر سکھانے کا کام کرے گی تاکہ ان کی خدمات زیادہ مفید بن سکیں۔ اکادمی کا صحافتی ورک شاپ مختلف اضلاع اور اس کے ڈویزنل ہیڈ کوارٹر میں بھی منعقد کیاجائے گا تاکہ دیہی علاقوں کے صحافیوں کو بھی اس کا پورا پورا فائدہ حاصل ہو سکے۔

صحافت اور اس کے فن پر ہونے والے سمینار اور مذاکرے میں بیرون بہارکے دیدہ ور صحافیوں کو بلایا جائے گا۔ میٹنگ میں اس تعلق سے رشید انصاری حیدرآباد، اوم تھانوی سابق ایڈیٹر جن ستا، سید منصور آغا دہلی (قومی آواز)، سہیل انجم دہلی، ڈاکٹر شفیع ایوب جے این یو، دہلی (ماس کمیونیکشن)کے مجوزہ نام سامنے آئے۔ سمینار اور مذاکرے میں پیش کئے جانے والے مقالے اکادمی کے ذریعہ کتابی صورت میں شائع کئے جائیں گے تاکہ اس پروگرام کی افادیت مزید عام اور دیرپا ہوسکے۔ اس کے ساتھ ہی احمد جاوید ریزیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ انقلاب کے ذریعہ صحافت پاور پوائنٹ پر تیار کیا گیا کتابچہ بھی اکیڈمی شائع کرے گی۔