counter easy hit

بھارت کی شکست، کوہلی کی جیت

Syed Salman Ghani

Syed Salman Ghani

تحریر: سلمان غنی

آسٹریلیا اور بھارت کا ایڈیلیڈ ٹیسٹ فلپ ہیوز کی موت کی وجہ سے جس انتہائی غمزدہ اور افسردہ ماحول میں شروع ہوا تھا، اتنے ہی سنسنی خیز اور دلچسپ انداز میں اپنے اختتام کو پہنچا۔ میچ کے آخری سیشن کے آغاز تک دونوں ٹیموں کے لیے تمام نتائج ممکن تھے، کوئی بھی جیت سکتا تھا، کسی کو بھی شکست ہو سکتی تھی اور مقابلہ بغیر کسی نتیجے تک پہنچے بھی اختتام کو پہنچ سکتا تھا، ایسے مقابلے شاذونادر ہی دیکھنے کو ملتے ہیں، اور اسی صورت میں کہ جب دونوں ٹیمیں جارحانہ رویہ اپنائیں اور ایک دوسرے پر غالب آنے کے لیے ہر صورت میں جیت کی طرف پیش قدمی کریں۔ آسٹریلیا اس انداز کے کھیل کے لیے جانا جاتا ہے۔

وہ کھیل کے ہر شعبے میں حریف پر غلبہ قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کے لیے نفسیاتی اور جذباتی حربہ بھی استعمال کرتا ہے کہ تاکہ مخالف ہر محاذ پر ایسا سرنگوں ہوجائے کہ وہ چاہتے ہوئے بھی سر نہ اٹھا سکے۔ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے تیسرے روز جب مچل جانسن کا زبردست بائونسر ویراٹ کوہلی کے ہیلمٹ پر لگا تو میدان میں موجود آسٹریلیا کے کھلاڑیوں کے ردعمل کوچند سابق کھلاڑیوں نے تنقید کا نشانہ بنایا، صرف اس لیے کہ یہ ان کے مزاج اور فطرت کے خلاف تھا۔ پھر اس طرح کا ” ہمدردانہ رد عمل” حریف بلے باز کے حوصلے بلند کرتا، نیز حریف پر خوف کے اثرات بھی زائل ہوتے۔ بہرحال، اگلے ہی دن ورون آرون اور ڈیوڈ وارنر کے مابین گرما گرمی سے یہ ٹیسٹ بالکل وہی رخ اختیار کرگیا، جیسا کہ بھارتـآسٹریلیا مقابلے ہوتے ہیں۔

مہندر سنگھ دھونی کی عدم موجودگی میں قائم مقام کپتان ویراٹ کوہلی کی زیر قیادت بھارت کی جارح مزاجی قابل ستائش تھی لیکن درحقیقت میچ کے نتیجہ خیز ہونے میں اصل کردار آسٹریلیا کے کپتان مائیکل کلارک کی جرات مندی کا تھا۔ کلارک، جو جیت کے لیے خطرات مول لینے سے کبھی نہیں کتراتے، انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنی انفرادیت قائم رکھی۔ بالکل اسی طرز پر ویراٹ کوہلی نے ایک ایسی اننگز تراشی، جو بھارت کی روایات کے بالکل خلاف تھی۔ مرلی وجے کے ساتھ کھیل کے آخری دورانیہ میں وہ بھارت کو بظاہر ناممکن نظر آنے والی جیت کے قریب لے آئے تھے۔ اگر اس مقام پر دو چار بھارتی بیٹسمین ڈٹ جاتے، تو شاید میچ کا نتیجہ کچھ اور ہوتا۔

تاہم یہ ایک ایسی شکست تھی، جس میں ہارنے والا کپتان شکست کے باوجود سرخرو رہا۔درحقیقت آخری روز 365 رنز کے ہدف کا تعاقب، وہ بھی ایسے تین تجربہ کار گیندبازوں کے سامنے کہ جنہوں نے ماضی قریب میں آسٹریلیا کو کئی فتوحات سے ہمکنار کیا، ناممکن نہ سہی لیکن مشکل ترین کام تھا۔ اس کا اندازہ لگانے کے لیے یہی کافی ہے کہ بھارت کے تمام گیندبازوں نے دونوں اننگز میں آسٹریلیا کی صرف 12 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میچ میں ناتھن لیون نے تن تنہا بھارت کے 12 بلے بازوں کو آئوٹ کیا۔۔ بھارت کے لیے ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے سیکھنے کے لیے بہت کچھ ہے۔

مثبت اور جارحانہ انداز کی کرکٹ طویل عرصے سے بھارت میں مفقود دکھائی دے رہی تھی، لیکن کوہلی کی کپتانی میں یہ جذبہ واضح طور پر نظر آیا۔ اگر بھارت اس کارکردگی کا تسلسل قائم رکھنے میں کامیاب رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ اس مرتبہ بھارت حریف کو ناکوں چنے چبوانے پر مجبور کرے اور آسٹریلیا کے میدانوں پر ملنے والی گزشتہ ہزیمتوں کے داغ بھی دھل جائیں۔

اب ذرا اس مقابلے کی چند تلخ حقیقتیں بھی ملاحظہ کیجیے۔ بھارت نے جیت کے بہت قریب پہنچ کر چند ایسی فاش غلطیاں کیں، جس نے آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کرنے میںاہم کردار اد ا کیا۔۔ جب آخری سیشن کا کھیل شروع ہوا تو بھارت کو 37 اوورز میں 159 رنز کی ضرورت تھی۔ مرلی وجے اور ویراٹ کوہلی بہت عمدگی کے ساتھ تمام گیندبازوں کا سامنا کررہے تھے۔ چائے کے وقفے کے بعد ایک ہی اوور میں مرلی وجے اور اجنکیا راہانے کے آئوٹ ہونے سے بھارت کو دھچکا ضرور پہنچا لیکن کریز پر ویراٹ کوہلی کے ساتھ دو مرتبہ ون ڈے ڈبل سنچریاں بنانے والے روہیت شرما موجود تھے، اور اس وقت تک رہے جب تک کہ بھارت کو آخری 21 اوورز میں صرف 90 رنز کی ضرورت تھی۔

اگر ایک۔ایک، دو۔دو رنز دوڑنے کا سہارا بھی لیا جاتا تو بھارت باآسانی پندرہویں یا سولہویں اوور میں اس ہدف کو حاصل کرلیتا۔ لیکن قریب آتی ہوئی جیت کو دیکھ کر بھارت کے بلے بازوں کے ہاتھ پیر پھول گئے اور آسٹریلیا نے اس کاپورا پورا فائدہ اٹھا کر بساط لپیٹ دی۔ روہیت تو جال میں پھنسے ہی لیکن وریدھمن ساہا نے جس طرح اوور میں 15 رنز ملنے کے باوجود آخری گیند پر ایک اور چھکا لگانے کی کوشش کرکے وکٹ گنوائی، وہ ایک انتہائی مایوس کن اور دلخراش منظر تھا۔ پھر جو کسر رہ گئی تھی وہ اگلے اوور میں ویراٹ کوہلی (141 رنز) کے ڈیپ اسکوائر لیگ پر دیے گئے

کیچ سے پوری ہوگئی اور بھارت کچھ ہی دیر میں باقی تین وکٹیں بھی پیش کرکے مقابلہ 48 رنز سے ہارگیا۔فیصلہ کن لمحات میں اتنی فاش غلطیاں کرنے کی وجہ سے ہی بھارت صرف 73 رنز کے اضافے سے 8 وکٹوں سے محروم ہوا۔ اگر اسی مقام پر آسٹریلیا ہوتا تو شاید ہر گز اپنے ہاتھ سے جیت کو نہ نکلنے دیتا۔ اب سب کی نظریں اگلے بدھ سے برسبین پر جمی ہوں گی، جہاں حقیقی اندازہ ہوگا کہ بھارت نے ایڈیلیڈ سے ملے اسباق کا فائدہ اٹھانا سیکھا ہے یا وہ دوبارہ ایسی غلطیاں دہرا کر سیریز میں مزید خسارے سے دوچار ہوگا۔

تحریر: سلمان غنی