اسلام آباد(ایس ایم حسنین) بلوچستان میں ایف سی چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملے بھارتی سازشوں کا نتیجہ ہیں، ہندوستان افغان امن عمل میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پوری قوم حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ھے۔ ایسے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف برسرِ پیکار پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم اور جذبے کو ہرا نہیں سکتے۔ یہ بات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ھرنائی بلوچستان میں ایف سی چیک پوسٹ پر بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہی۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افواج دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کر رہی ہیں۔ ہمارے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ ہندوستان پاکستان میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہا ھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے اربوں روپے مختص کئے ہیں ، ہندوستان افغانستان کے امن مشن میں بھی رخنہ ڈالنے کی کوشش کر رہاہے، عالمی برادری کو آگاہ کیا کہ ہندوستان پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشیں کر رہاہے۔