ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان پر فلم ’ریس3‘ کی شوٹنگ کے دوران مسلح افراد نے حملہ کردیا تاہم پولیس کی مداخلت کے بعد سلمان خان کو بحفاظت گھر پہنچا دیا گیا۔

یاد رہے کہ سلمان خان کو گینگسٹر لارنس بشونی کی جانب سے گزشتہ جمعرات کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کا کیس بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت میں ہےجس کی سماعت کے لیے جمعرات کو سلمان خان جودھپور گئے تھے جہاں انہیں بشونی کی جانب سےقتل کی دھمکیاں دی گئیں۔ سلمان خان کو دھمکی دینے والے گینگسٹر لارنس کا شمار راجستھان کے بڑے جرائم پیشہ افراد میں ہوتا ہے جس پر قتل اور دیگر جرائم کے 20 سے زائد کیسز ہیں۔
سینئرانسپیکٹر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس لارنس بشونی کی سلمان خان کو دی جانے والی دھمکیوں کو سنجیدگی سے لے رہی ہےاور زیادہ سے زیادہ پولیس اہلکار ان کی حفاظت پر مامور کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیس نے سلمان خان کو بغیر سیکیورٹی سڑکوں پر نکلنے سے بھی منع کیا ہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان اکثر بغیر سیکیورٹی کے شہر کی سڑکوں پر سائیکل چلاتے نظر آتے ہیں۔








