بالی ووڈ اداکارہ گیتا کپور ممبئی کے ایک اولڈ ایج ہوم میں انتہائی کسمپرسی کی حالت میں انتقال کر گئیں،ان کی عمر57برس تھی۔

گیتا کپور کی ایک بیٹی جس کا نام پوجا ہے پیشے کے اعتبار سے فضائی میزبان ہیں وہ بھی ماں کی خبر لینے اسپتال نہیں پہنچیں جس کے بعدگیتا کپور کو اولڈ ایج ہوم میں منتقل کر دیا گیا جہاں بچوں کی یاد میں اوران کے واپس نہ لوٹنے کے غم میں گیتا کی بیماری شدت اختیار کر گئی اور وہ شدید کسمپرسی کی حالت میں اس جہاں سے رخصت ہو ئیں۔
بھارتی فلم سازآشوک پنڈت نے گیتا کی موت کی خبر بذریعہ ٹوئٹر پیغام دی، پیغام میں اشوک کا کہنا ہے کہ انہوں نے اداکارہ کی بھرپور نگہداشت کی کوشش کی تاہم اپنی اولاد کے انتظار نے انہیں بے حد لاغر کر دیا تھا۔
آشوک پنڈت کا کہناتھا کہ گیتا آخری سانس تک اپنے بیٹے کو یاد کرتی رہیں اوراس آس میں دنیا سے چلی گئیں کہ ان کا بیٹا انہیں لینے ضرور آئے گا۔
بالی وڈ اداکارہ گیتا کپور نے 100سے زائد فلموں میں کام کیا لیکن انہیں فلم ’’پاکیزہ‘‘ اور ’’رضیہ سلطانہ‘‘ کے حوالے سے بہت شہرت ملی ۔








