counter easy hit

جانوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے والا اسلام بے گناہوں کے قتل کی اجازت کیسے دے سکتا ہے۔ حسن میر قادری

Paris Conference

Paris Conference

پیرس (اے کے راؤ) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری دعوت برائے اوورسیز پروفیسر علامہ حسن میر قادری نے مرکز منہاج القرآن فرانس میں جمعہ کے خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے حقوق کا تحفظ کرنے والا اسلام بے گناہوں کے قتل کی اجازت کیسے دے سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 13 نومبر کی رات پیرس میں ہوئی دہشت گردی سمیت دنیا بھر میں بے گناہوں کے قتل کی بھر پور مزمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک منہاج القرآن دنیا میں قیام امن ، جدید دینی علوم اور عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احیاء کی تحریک ہے۔ نوجوانوں کی کردار سازی ہماری تر جیحات میں سر فہرست ہے۔

انہوں نے سامعین کو کتاب دکھاتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی، تنگ نظری ،انتہا پسندی اور نوجوانوں کو فتنہ خوارج سے محفوظ بنانے کیلئے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے 600 صفحات پر مشتمل قرآن وسنت کی روشنی میں یہ کتاب تحریر کی ہے جس سے مستفید ہو کر ہم نئی نسل کو انتہا پسندانہ رویوں اور رجحانات سے بچا سکتے ہیں‌ اور انتہا پسندی کو شکست دے سکتے ہیں۔

پروفیسر حسن میر نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس سے سبھی دوچار ہیں اس سے نمٹنے کے لیے مسلم اور عیسائی دنیا کو مل کر چلنا ہو گا۔ خود کو سچا اور دوسرے کو جھوٹا ثابت کرنے کی منفی دوڑ کو ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اسلام دین امن ہے دہشت گردی کو اسلام سے جوڑنا فکری بددیانتی ہے۔ اور دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔