counter easy hit

عامر منظور ایم ڈی پی ٹی وی تعینات

Amir Manzoor deployed MD PTVوزارت اطلاعات و نشریات نے عامر منظور کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کارپوریشن کا منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) مقرر کردیا۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات نے کنٹریکٹ بنیادوں پر ایم ڈی پی ٹی وی کو تعینات کیا، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

خیال رہے کہ 11 مئی 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری اطلاعات کو خبردار کیا تھا کہ وہ آئندہ 2 ماہ میں پی ٹی وی کا منیجنگ ڈائریکٹر تعینات کریں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری سے متعلق درخواستوں پر ریمارکس دیے تھے کہ اگر سیکریٹری اطلاعات اس اسامی کو پُر کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تو ان کے خلاف پبلک سیکٹر کمپنیز رول 2013 کے قانون 25 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

مذکورہ قانون کے مطابق جو افراد ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ یہ امید کی جاتی ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ 2 ماہ کے اندر ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کو پورا کرنے کے لیے بورڈ آف گورنرز کو نامزد کردے گی۔

یاد رہے کہ اس عدالتی فیصلے سے ایک ماہ قبل 11 اپریل کو وزارت اطلاعات و نشریات نے پاکستان ٹیلی وژن کے ایم ڈی ارشد خان کو عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

اس وقت جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پی ٹی وی کے ڈائریکٹر ایڈمن حسان عماد محمدی کو منیجنگ ڈائریکٹر کی غیر موجودگی میں انتظامات سنبھالنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

قبل ازیں رواں سال فروری میں اس وقت کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے پی ٹی وی کو لکھے گئے خط میں پی ٹی وی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی اور مالی حالات کو بہتر بنانے میں ناکامی پر ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ پی ٹی وی کا خسارہ بڑھ رہا ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے خسارے میں کمی لانے کے لیے کوئی ٹھوس حکمت عملی تیار نہیں کی گئی، اگر معاملات اس ہی طرح چلتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب سرکاری ٹی وی چینل کو بند کرنا پڑے گا۔

فواد چوہدری نے اپنے خط میں پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر آپ سمیت کچھ افسران کو پرکشش تنخواہوں پر بھرتی کیا گیا جس کی وجہ سے کم تنخواہ لینے والے ملازمین اور پنشنرز میں خفگی کا عنصر پایا جاتا ہے۔

بعد ازاں چند روز بعد ہی وزیر اعظم آفس سے ایک خط جاری کیا گیا تھا جس میں وزارت اطلاعات و نشریات سے سرکاری ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے لیے امیدوار کے انتخاب کے اختیارات لے کر پی ٹی وی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اس اہم عہدے پر تعیناتی کے اختیارات سونپ دیے گئے تھے۔