counter easy hit

امریکی وزیر خارجہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

John Kerry

John Kerry

اسلام آباد (یس ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری پاکستان کے دو روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پہنچنے کے بعد جان کیری کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 13جنوری کو جان کیری پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات میں شرکت کریں گے اور خیبر پختونخوا کا دورہ بھی کریں گے۔اپنے دورہ پاکستان کے دوران امریکی وزیر خارجہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے علاوہ پاکستان کی سول و ملٹری قیادت بھی سے ملاقاتیں کریں گے۔

جن میں پاک امریکا دو طرفہ تعلقات کے علاوہ، افغانستان، جنوبی ایشیاء اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جان کیری اسلام آباد میں 13جنوری کو ہونے والے پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات میں شرکت کریں گے، ان مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ان کی ٹیم کرے گی۔ پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات میں تجارتی و اقتصادی، سائنس و ٹیکنالوجی ، دفاع، توانائی ، انسداددہشت گردی اور ایٹمی عدم پھیلاؤ کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی جائے گی۔

ان موضوعات کے حوالے سے تشکیل دیئے گروپس بشمول ڈیفنس، اقتصادی و مالیاتی گروپس مذاکرات کر چکے ہیں، جبکہ لا انفورسمنٹ اور کاؤنٹر ٹیررزم گروپس کے مذاکرات ابھی ہونے ہیں۔ انسدار دہشت گردی پر پاک امریکا مذاکرات کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون، بارودی سرنگوں کی تباہی کے آلات اور دہشت گردی کی مالی اعانت کی حوصلہ شکنی کے اقدامات پر بات چیت کی جائے گی۔2013ءمیں مذاکرات کی بحالی کے بعد اسلام آباد میں ہونے والے پاک امریکا اسٹریٹیجک مذاکرات اعلیٰ وزارتی سطح کے دوسرے مذاکرات ہیں۔ پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات کا سلسہ 2011 ءمیں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو حملوں کے بعد معطل کر دیئے گئے تھے۔