واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شام میں شہریوں پر مبینہ زہریلی گیس کے استعمال پر امریکا پُرزور ردعمل دے گا جس کے لیے اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ میں شام سے متعلق سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بھی امریکا اور روس کے درمیان لفظوں کی گولہ باری جاری رہی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے روسی مندوب نے کہا شام میں کیمیائی حملے کا الزام ’اسکرپٹڈ ڈرامے‘ کا حصہ ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے اگر اس بے بنیاد اور جھوٹے واقعے کو جواز بنا کر امریکا شام میں حملہ آور ہوتا ہے تو اسے سخت نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ روس کے ہاتھ پر شامی بچوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ کیمیائی حملے میں کئی بچے اپنی جانوں سے گئے اگر اس سفاکیت پر اقوام متحدہ نے شام میں کوئی قدم نہیں اُٹھایا تو امریکا اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے سخت کارروائی کرے گا جیسا اس سے قبل بھی امریکا کر چکا ہے۔ امریکی سفیر نکی ہیلی نے شام کے صدر بشارالاسد پر بھی سخت تنقید کی۔








